’داماد ہائے اوّل‘

محمد صفدر اعوان تصویر کے کاپی رائٹ PMO PAKISTAN
Image caption محمد صفدر اعوان اس وقت رکن قومی اسمبلی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ نون کے یوتھ وِنگ کے سربراہ بھی ہیں

پاناما لیکس کی تفتیش کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم یعنی جے آئی ٹی کے بارے میں پاکستانی وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کے شوہر محمد صفدر اعوان نے کہا کہ نواز شریف کا احتساب نہیں ہو رہا بلکہ نظریہ پاکستان کا ہو رہا ہے۔

محمد صفدر اعوان ان ’داماد ہائے اول‘ میں سے ایک ہیں جن کا اثر و رسوخ مقامی اور عالمی سیاست پر وقتاً فوقتاً نظر آتا ہے۔ ہم نے سوچا کیوں نہ کچھ ایسے ہی داماد ہائے اول سے آپ کی ملاقات کرائی جائے۔

محمد صفدر اعوان

محمد صفدر اعوان پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے داماد ہیں۔ وہ پاکستانی فوج میں کیپٹن رہ چکے ہیں، اور 2008 سے قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ ان کا تعلق مانسہرہ کے ایک متوسط گھرانے سے ہے۔

سنہ 1992 میں جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو کیپٹن محمد صفدر اعوان ان کی اے ڈی سی تھے اور اسی دوران ان کی ملاقات نواز شریف کی بیٹی مریم نواز سے ہوئی۔ اس کے بعد ان کی شادی ہو گئی اور انھوں نے فوج سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ وہ اس وقت رکن قومی اسمبلی ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ نون کے یوتھ وِنگ کے سربراہ بھی ہیں۔

جیرڈ کُشنر

تصویر کے کاپی رائٹ DEBBIE HILL
Image caption ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد جیرڈ کُشنر کو وائٹ ہاؤس کا ایک سینئیر مشیر بنا دیا گیا

جیرڈ کُشنر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اوانکا ٹرمپ کے شوہر ہیں۔ ایوانکا ٹرمپ سے ان کی ملاقات سنہ 2005 میں ہوئی جس کے بعد سنہ 2009 میں دونوں نے شادی کر لی۔

جیرڈ کشنر یہودی ہیں اور شادی سے پہلے ایوانکا ٹرمپ نے یہودی مذہب قبول کر لیا۔ وہ جائیداد کا کاروبار کرنے والے چارلز کُشنر کے بڑے بیٹے ہیں اور کشنر کمنیز کے سی ای او تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد انھیں وائٹ ہاؤس کا ایک سینئیر مشیر بنا دیا گیا جس کے بعد انھوں نے سی ای او کی نوکری چھوڑ دی۔

جیرڈ کُشنر نے صدر ٹرمپ کی آن لائن میڈیا سٹریٹیجی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

کیریل شامالوف

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption صدر پوتن کی بیٹی سے ان کی شادی 2013 میں ہوئی

کیریل شامالوف روسی صدر ولادمیر پوتن کی چھوٹی بیٹی کیٹرینا ٹِخونووا کے شوہر ہیں۔ وہ روسیا بینک کے شریک مالک نکولائے شامالوف کے چھوٹے بیٹے ہیں، اور روسی گیس اور پیٹروکیمیکل کمپنی سیبور ہولڈِنگ کے نائب صدر رہ چکے ہیں۔

سنہ 2014 میں وہ اس عہدے سے الگ ہو گئے تھے تاہم وہ اس کمپنی کے دوسرے بڑے شیئر ہولڈر ہیں۔ صدر پوتن کی بیٹی سے ان کی شادی سنہ 2013 میں ہوئی جس کے بعد سے انھوں نے غیر معمولی ترقی کی ہے اور اب وہ صدر پوتن کے گرد ارب پتیوں کے ایک خصوصی حلقے کا حصہ ہیں۔

بیرات البیرک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption دو ہزار چار میں ان کی شادی صدر اردووان کی بیٹی ایسرا اردوغان سے ہوئی۔

بیرات البیرک ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے داماد ہیں۔ وہ ترک کمپنی سیلِک ہولڈنگ کے سی ای او رہ چکے ہیں۔

سنہ 2004 میں ان کی شادی صدر اردوغان کی بیٹی ایسرا اردوغان سے ہوئی۔ جون 2015 میں وہ ترک پارلیمان کے لیے منتخب ہوئے اور اس وقت ترکی کے وزیر برائے توانائی اور قدرتی وسائل ہیں۔ حال ہی میں ان پر نام نہاد دولت اسلامیہ کو تیل فروخت کرنے کے غیر مصدقہ الزامات لگائے گئے ہیں جن کے بعد امریکہ میں ان کے خلاف کارروائی کی باتیں بھی ہوئی ہیں۔ البیرک نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

سمبا چکورے

تصویر کے کاپی رائٹ ROSLAN RAHMAN
Image caption رابرٹ موگابے کی بیٹی بونا موگابے کے ساتھ ان کی شادی دو ہزار چودہ میں ہوئی

سمبا چکورے زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے کی بیٹی بونا موگابے کے شوہر ہیں، جن کے ساتھ ان کی شادی سنہ 2014 میں ہوئی۔ انھیں سنہ 2016 میں زمبابوے کی سرکاری ایئر لائن، ائیر زمبابوے کا چیف آپریٹنگ افسر نامزد کیا گیا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں