’سرحد پار سے دولتِ اسلامیہ کا اثر روکنے کے لیے راجگال میں خیبر فور آپریشن‘

میجر جنرل آصف غفور تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر پاڑا چنار سے گرفتار ہونے والوں کا تعلق شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے ثابت ہوا ہے جو سرحد پار افغانستان کے علاقے میں مضبوط ہو رہی ہے۔

اتوار کی دوپہر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاکستان میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کا باقاعدہ تنظیمی ڈھانچہ موجود نہیں لیکن تحریک طالبان پاکستان کے چند منحرف گروپ اُن کی جانب مائل ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری لیتے ہیں۔

٭ افغانستان اور پاکستان میں دولتِ اسلامیہ کتنی طاقتور ہے؟

٭ ’دولت اسلامیہ کی پاکستان میں کارروائیوں کی دھمکی‘

٭ پاکستان: کالعدم تنظیموں کی چندہ مہم کا ’دوبارہ آغاز‘

نامہ نگار عبداللہ فاروقی کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ان کے خلاف آج سے پاکستانی فوج نے آپریشن ردالفساد کے تحت خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں خیبر فور کے نام سے ایک زمینی آپریشن شروع کیا ہے۔'

اُنہوں نے آپریشن خیبر فور کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل ترین علاقوں میں شامل ہے جو 250 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے اور 12 سے 14 ہزار فٹ کی بلند پہاڑی چوٹیاں اِس علاقے میں موجود ہیں۔

اِس آپریشن کی اہمیت کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ یہ اِس لیے بھی بہت اہم ہے کہ افغانستان میں مضبوط ہوتی ہوئی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کا پاکستانی علاقے میں اثر روکا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ نے فوجی عدالتوں کے بارے میں بتایا کہ فوجی عدالتوں میں پاڑا چنار سے گرفتار ہونے والے 17 ملزمان کے مقدمات بھی فوجی عدالتوں میں تیزی سے چلائے جائیں گے۔

اُن کے مطابق ' فوجی عدالتوں کی پچھلی مدت کے دوران کل 274 ملزمان کو مختلف سزائیں دی گئیں جن میں سے 161 کو سزائے موت سنائی گئی تھی اور 53 پر عمل درآمد ہو چکا ہے، فی الحال 40 مختلف مقدمات فوجی عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

میجر جنرل آصف غفور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جن امریکی ممبران کانگریس نے ایوان زیریں میں پاکستان کی امداد کو مشروط کرنے کا بل پیش کیا اور منظور کرایا ہے اُن کی تاریخ بتاتی ہے کہ وہ انڈیا کے زیرِ اثر ہیں اور ایسے بل پہلے بھی پیش کر چکے ہیں لیکن اِس کی حتمی منظوری میں ابھی کافی مراحل موجود ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی کارکردگی اور رپورٹ سے پاکستانی فوج کا براہ راست کوئی تعلق نہیں۔

اُن کا کہنا تھا 'یہ وہ معاملہ ہے جس کا پاکستانی فوج کا براہ راست کوئی تعلق نہیں، جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی اور اُس میں دو ممبر تھے آئی ایس آئی اور ایم آئی کے اور اُنھوں نے محنت اور ایمانداری سے کام کیا ہے، مقدمہ زیر سماعت ہے اور سپریم کورٹ فیصلے کرئے گی۔'

اسی بارے میں