پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption تحریک انصاف کی ویب سائٹ پر ہیکرز کی جانب سے مختلف پیغامات شائع کیے گئے تھے

پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد اب دستیاب نہیں اور رسائی کی کوشش کریں تو یو ٹیوب کے ایک صفحے پر ری ڈائریکٹ کیا جا رہا ہے۔

اس سے پہلے ہیکرز نے پی ٹی آئی کی ویب سائٹ کے صفحہ اول پر ممبر قومی اسمبلی عائشہ گلا لئی کے ایک بیان کی تصویر کے ساتھ سخت زبان میں چند پیغامات شائع کیے تھے۔

عائشہ گلا لئی نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کے رویے کے خلاف الزامات لگانے کے بعد پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

عائشہ گلالئی سنہ 2013 کے عام انتخابات میں مخصوص نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ YOUTUBE
Image caption یو ٹیوب پر اس ویڈیو کے نیچے لوگ ویب سائٹ کے ہیک ہونے پر تبصرہ کرتے نظر آئے

منگل کو اُنھوں نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

تحریک انصاف کی ویب سائٹ پہلے ہیک ہوئی اس کے بعد کچھ دیر تک دستیاب نہیں تھی لیکن جب پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے کے قریب insaf.pk تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو یوٹیوب پر ’پی ٹی آئی آفیشل ویڈیوز‘ نامی ایک چینل کے صفحے پر ایک ویڈیو کھل گئی جس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سٹیج پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں جبکہ لوگ نعرے لگا رہے ہیں کہ ’شیر کا شکاری آیا‘۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption ہیک ہونے کے کچھ دیر بعد جب ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پیغام موصول ہوا

ہیکرز نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ’ہم کسی سیاسی پارٹی کے حمایتی نہیں ہیں لیکن عمران خان ہم تمھیں کبھی ووٹ نہیں دیں گے۔‘

ہیکرز کی جانب سے ویب سائٹ پر یہ پیغام بھی شائع کیا گیا تھا کہ ’ہمیں نیا پاکستان نہیں چاہیے، ہمیں اپنا پرانا پاکستان چاہیے‘۔

ہیکنگ کے اس واقعے کے بارے میں ابھی تک پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

اسی بارے میں