بلوچستان میں سینکڑوں این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP/Getty
Image caption سرکاری اعلامیے کے مطابق 183 نئی تنظمیوں نے اندراج کروایا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں 801 این جی اوز (غیر سرکاری تنظیموں ) کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی ہے۔

یہ بات محکمہ سماجی بہبود حکومت بلوچستان کے ایک اعلامیے میں کہی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت تمام غیرسرکاری تنظیموں کے لیے رجسٹریشن کی تجدید ضروری قراردی گئی ہے۔

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق اس سلسلے میں تمام مقامی و قومی اخبارات میں وقتاً فوقتاً اشتہارات بھی شائع کئے گئے تاکہ یہ تنظیمیں بروقت اپنی رجسٹریشن کی تجدید کرواسکیں۔

اعلامیے کے مطابق 1204رجسٹرڈ این جی اوز میں سے403 اپنی رجسٹریشن کی تجدید کرواچکی ہیں۔

801 تنظیموں کی جانب سے تجدید نہ کروانے پر ان غیر سرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔

پنجاب میں این جی اوز کے خلاف کارروائی جاری

سرکاری اعلامیے کے مطابق 183 نئی تنظمیوں نے اندراج کروایا ہے جس سے غیرسرکاری رجسٹرڈ تنظیموں کی کل تعداد پانچ سو چھیاسی 586 ہوگئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وہ تمام غیرسرکاری تنظیمیں جن کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے اب ان کی رجسٹریشن کی تجدید نہیں کی جاسکتی۔

اعلامیہ کے مطابق یہ تنظیمیں از سرنو سابقہ یا نئے ناموں کے ساتھ اپنی غیرسرکاری تنظیموں کی رجسٹریشن آئین برائے رجسٹریشن رضا کار ادارہ ہائے سماجی بہبود مجریہ آرڈیننس 1961ء ایکٹ کے تحت کرواسکتے ہیں۔

اسی بارے میں