کمرہ عدالت میں اتنا زیادہ شور تھا کہ جج اُٹھ کر چلے گئے

مریم
Image caption ملزمان کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور ان کی اہلیہ الگ الگ اپنی گاڑیوں میں عدالت میں حاضری کے لیے آئے

جوڈیشل کمپلیکس میں واقع احتساب عدالت میں جمعے کو سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر پر فرد جرم عائد کی جانی تھی۔

سب تیاریاں مکمل تھیں۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سکیورٹی کے موثر اقدامات کیے گئے تھے۔ خاردار تاریں لگانے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے اہلکاروں کی خاصی تعداد موجود تھی جبکہ جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی دروازے پر پولیس کے کمانڈوز تعینات کیے گئے تھے۔

ساڑھے آٹھ بجے پولیس کے کنٹرول روم سے یہ اطلاع دی گئی کہ ’مہمان عدالت کی طرف روانہ ہو گئے ہیں‘ جس کے بعد حکام نے سکیورٹی اہلکاروں کو مزید الرٹ رہنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت میں بدمزگی، فردِ جرم عائد نہ ہو سکی

’مریم نواز ہوشیار ہیں‘

نظام عدل کو آزمائیں گے: مریم نواز

احتساب عدالت کے جج کا عملہ اور ملزمان کے وکلا مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا انتظار کر رہے تھے کہ اچانک زور سے عدالت کا دروازہ کھلا اور ملزمان کے ساتھ ساتھ وکلا کی ایک بڑی تعداد بھی کمرۂ عدالت میں داخل ہو گئی۔

ان وکلا نے کمرے میں داخل ہونے کے بعد شور شرابا شروع کر دیا اور عدالتی عملے سے احتساب عدالت کے جج کو بلانے پر اصرار کیا۔

Image caption کمرہ عدالت میں ان وکلا کو بھی پیش کیا گیا جن میں اُن کے بقول پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا ہے

دس منٹ کے وقفے کے بعد جب جج محمد بشیر کمرۂ عدالت میں پہنچے تو وکلا نے انھیں بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود سکیورٹی اہلکاروں نے اُنھیں نہ صرف کمرہ عدالت میں داخل ہونے سے روکا بلکہ ان پر تشدد بھی کیا گیا۔

وکلا جج کو مخاطب کر کے کہہ رہے تھے کہ وہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیں۔ کمرہ عدالت میں ان وکلا کو بھی پیش کیا گیا جن پر اُن کے بقول پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا تھا۔

اس دوران کمرۂ عدالت میں اتنا زیادہ شور تھا کہ جج عدالت سے اُٹھ کر چلے گئے اور ریفرینس کا سارا مواد اپنے چیمبر میں منگوا لیا۔

جج محمد بشیر نے اپنے چیمبر میں جا کر اسلام آباد پولیس کے سربراہ کو اس واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دیا۔

ملزم کیپٹن محمد صفدر اور مریم نواز کو عدالت میں سامنے کی نشستوں پر بٹھایا جانا تھا تاہم جب وہ پہنچے تو وہاں پہلے سے ہی ایک شخص براجمان تھا جسے مخاطب کرتے ہوئے محمد صفدر نے پوچھا کہ ’تم آئی ایس آئی سے ہو یا ایم آئی سے؟‘۔

اس پر اُس اہلکار کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق اسلام آباد پولیس کی سپیشل برانچ سے ہے اور وہ صرف ان لوگوں کی نشست محفوظ رکھنے کے لیے وہاں بیٹھا ہے۔

Image caption جوڈیشل کمپلکس کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے موثر اقدامات کیے گئے تھے

جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس اور وکلا کے درمیان جب ہاتھا پائی ہو رہی تھی تو داخلہ امور کے وزیر مملکت طلال چوہدری جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں ہی موجود تھے لیکن اُنھوں نے نہ تو بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی اور نہ ہی اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں کو بچانے کی کوشش کی جن کی یونیفارمز وکلا نے پھاڑ دی تھی۔

عدالت کے اندر اور باہر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا فائدہ کسی اور کو ہو نا ہو لیکن نواز شریف اور ان کے خاندان کو ضرور ہوا ہے کیونکہ نہ تو ان پر فرد جرم عائد کی گئی اور نہ ہی نواز شریف کے ممکنہ طور پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا سکے کیونکہ گذشتہ سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ نواز شریف آئندہ پیشی پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

پولیس اہلکاروں کی طرف سے وکلا کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے کے واقعے پر ابھی تک وکلا کی تنظیموں کی طرف سے مذمتی بیان سامنے نہیں آیا جس کی وجہ سے اس تاثر کو بھی تقویت مل رہی ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والا واقعہ حکومت کی منصوبہ بندی معلوم ہوتی ہے تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے نہ چلنے دیا جائے تاہم حکومت اس الزام سے انکاری ہے۔

اسی بارے میں