برف میں دبے مزدوروں کو بچانے کی کوشش

Image caption برف میں دبے چار افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا گیا

پاکستان کے شمالی علاقے سکردو میں برفانی تودے کی زد میں آنے والے سات میں سے چار مزدوروں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ باقی تین افراد کے بچنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔

پیر کو سکردو کے علاقے دوکس میں نانگا پربت کے بیس کیمپ تک سامان لے جانے والے سات مزدور ایک برفانی طوفان کی زد میں آگئے تھے۔

نامہ نگار ذوالفقار علی کے مطابق سکردو پولیس کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیم روانہ کر دی گئی تھی جس نے برف میں دبے چار افراد کو زخمی حالت میں نکال لیا تھا۔

پولیس ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بقیہ تین مزدوروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ سکردو اور اس کے اردگرد علاقے میں ماضی میں بھی برفانی اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

گزشتہ برس بھی سکردو کے گاؤں یورمگت اور ضلع گانچے میں بھی تودے گرنے کے باعث کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور کئی گھر تباہ ہوئے تھےش۔

اسی بارے میں