امریکی شہری: مبینہ ملزم کا خاکہ جاری

مبینہ ملزم تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مبینہ ملزم کے چہرے پر نقاب نہیں تھا اور اسی لیے اس کا خاکہ تیار کیا جاسکا ہے۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کی پولیس نے امریکی شہری واران وائن سٹائن کو اغوا کرنے والے ایک مبینہ ملزم کا خاکہ جاری کردیا ہے۔

ساٹھ سالہ امریکی شہری کو چند روز قبل لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤں میں ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا تھا۔

لاہور سے نامہ نگار عبادالحق نے بتایا کہ پولیس نے یہ خاکہ امریکی شہری کے حراست میں لیے گئے گارڈرز اور ڈرائیور سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد تیار کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی عمر بیس سے بائیس سال کے درمیان ہے اور اس کا قد پانچ فٹ آٹھ انچ کے قریب ہے۔

لاہور سے نامہ نگار عبادالحق نے بتایا کہ پولیس کا کہنا ہے امریکی شہری کو اغوا کرنے والے افراد میں سے یہ واحد ملزم ہے جس کے چہرے پر نقاب نہیں تھا اور اسی لیے اس کا خاکہ تیار کیا جاسکا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جس ملزم کا خاکہ تیار کیا گیا اس نے امریکی شہری کی رہائش گاہ کے دروازے پر دستک دی تھی اور وہاں موجود ملازمین کو یہ کہا تھا کہ وہ ان کے لیے سحری لے کر آیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption امریکی شہری کوماڈل ٹاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا تھا

پولیس کے مطابق زیر حراست افراد نے بتایا کہ ملزم نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی اور روانی کے ساتھ اردو بول رہا تھا۔

امریکی شہری وارن وائن سٹائن کو بارہ اور تیرہ اگست کی درمیانی شب کو ماڈل ٹاؤں میں واقع ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا گیا تھا۔

امریکی شہری کے چار ملازمین جن میں تین سکیورٹی گارڈر اور ایک ڈرائیور شامل ہے اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں اور ان سے امریکی ایجنسی ایف بی آئی کی ایک ٹیم بھی تفتیش کرچکی ہے۔

دوسری طرف جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم امریکی شہری کے گارڈرز اور ڈرائیور سے تفتیش کررہی ہے تاہم امریکی شہری کی بازیابی کے لیے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔

زیر حراست ملازمین کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ زیر حراست افراد تفتیش کے دوران غلط بیانی تو نہیں کررہے۔

چھ روز گزرنے کے باوجود امریکی شہری کے اغوا کی ابھی تک کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی اور نہ ہی تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں