کراچی: کالعدم تنظیم کے تین کارکن گرفتار

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکرجھنگوی کے تین کارکنوں کوگرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

سی آئی ڈی پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی فیاض خان کی سربراہی میں کراچی میں کورنگی روڈ پر ویٹا چورنگی کے قریب ایک مکان پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم لشکرِ جھنگوی کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے نام دانش، طارق اور ذیشان ہیں۔

کراچی سے ہمارے نامہ نگار حسن کاظمی نے بتایا کہ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مارٹر گولے، پستول، کارتوس، وائرلیس سیٹ، ڈیٹونیٹر سمیت جدید اسلحہ، پانچ کلو دھماکہ خیز مواد اور ایک چھینی گئی کار بھی برآمد کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد شمالی وزیرستان سے تربیت یافتہ ہیں جو کراچی میں مختلف سرکردہ سیاسی اور مذہبی شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش ملزمان نے کراچی میں ڈکیتی اور راہزنی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے ، اور یہ افراد فرقہ ورانہ دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے رقم ڈکیتیاں کرکے جمع کرتے تھے۔

اسی بارے میں