ٹی ٹوئنٹی: لاہور کے کرکٹرز بخار میں مبتلا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ ٹورنامنٹ ڈینگی کی وجہ سے ہی لاہور سے کراچی منتقل کیا گیا تھا

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے لاہور کے دو کرکٹرز تیز بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں ان میں سے ایک جہانگیرمرزا کو ڈینگی میں مبتلا ہونے کے شبے میں لاہور واپس بھیج دیا گیا ہے ۔

کراچی سے نامہ نگار عبدالرشید شکور کا کہنا ہے کہ دوسرے کرکٹر عماد علی کو میچ سے قبل تیز بخار کے سبب اسٹیڈیم کے بجائے اسپتال جانا پڑا۔

واضح رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ڈینگی کی وجہ سے ہی لاہور سے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔

لاہور کے منیجر شاہد حامد بٹ نے بی بی سی کو بتایا کہ لاہور لائنز میں شامل جہانگیرمرزا کراچی پہنچنے پر ٹھیک ٹھاک تھے اور انہوں نے ٹیم کی پریکٹس میں بھی حصہ لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کے مطابق جہانگیر مرزا کو ملیریا نہیں ہوا۔ شام تک ان کی رپورٹ نہیں ملی تھی جس سے اس بات کا پتہ چل سکے کہ وہ ڈینگی میں مبتلا ہیں یا نہیں تاہم انہیں لاہور روانہ کردیا گیا ہے تاکہ وہ وہاں علاج کراسکیں۔

شاہد حامد بٹ نے بتایا کہ لاہور ایگلٹس سے کھیلنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر عماد علی بھی اچانک تیز بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں اور انہیں فوری طور پر اسپتال بھیجا گیا ہے۔

عماد علی اتوار کے روز کراچی زیبراز کے خلاف میچ کھیلے تھے اور آخری اوور میں انہوں نے دانش کنیریا کو بولڈ کرکے لاہور ایگلٹس کو دو رنز سے کامیابی دلادی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق جہانگیرمرزا کے متبادل کے لئے لاہور نے پی سی بی سے درخواست کی ہے۔

اسی بارے میں