کوئٹہ: پولیس کی گاڑی پر فائرنگ، تین ہلاک

فائل فوٹو
Image caption جائے وقوعہ پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موجود ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی پولیس کی گشت کرنے والے ایک گاڑی پر فائرنگ کے باعث ایک راہ گیر سمیت دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ بدھ کی شام کوئٹہ شہر کی جائنٹ روڈ پر پیش آیا اور اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے باعث زخمی ہونے والے ایک راہ گیر کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعہ کے فوراً بعد لاشوں اور زخمی راہ گیر کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

کوئٹہ میں کیپٹل سٹی پولیس کے اہلکار حسن محبوب نے ہمارے نامہ نگار ایوب ترین کو بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہو گئے اور جائے وقوعہ پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری پہنچ گئی تھی ۔

حکام کے بقول مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاریاں عمل میں نہیں آئیں۔

حسن محبوب کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہر کی مختلف سڑکوں اور گلیوں پر ناکے لگا دیے گئے ہیں لیکن فی الوقت وہیہ بتانا مشکل ہے کہ اس واقعے میں کون ملوث ہے۔

اسی بارے میں