’نئے صوبے کے قیام کے لیے قرار داد پیش کریں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نئے صوبے کا قیام جنوبی پنجاب کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے: وزیر اعظم گیلانی

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیلزپارٹی پنجاب میں ایک نئے صوبے کے قیام کے لیے پنجاب اسمبلی میں ایک قرار داد پیش کرے گی۔

وزیر اعظم یوسف رضا نے کالا شاہ کاکو میں پاک سیٹ ون کمیونیکیشن کنٹرول کا افتتاح کرتے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب اسمبلی میں نئے صوبے کے قیام کے لیے قرارداد پیش کرے گی۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا مسلم لیگ نواز کے سربراہ نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں نئے صوبے کے قیام کی حمایت کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جب قرار داد اسمبلی میں پیش کی جائے گی اسی وقت ہی پتہ چلےگا کہ مسلم لیگ نواز اس کی حمایت کرتی ہے یا نہیں۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نئے صوبے کا قیام جنوبی پنجاب کے لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور یہ لوگوں کی حمایت سے ہی قائم کیا جائے گا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ نئے صوبے کا کچھ بھی نام دیا جاسکتا۔’ پھول کا کچھ بھی نام رکھ دیں اس کی خوشبو وہی رہتی ہے۔‘

پاکستان پیلز پارٹی نے ایک روز پہلے ہی پنجاب پیپلز پارٹی کو دو حصوں میں تقیسم کر دیا ہے۔ سنٹرل پنجاب پیپلز پارٹی کے صدر امتیاز وڑائچ اور مخدوم شہاب الدین کو جنوبی پنجاب کی پیپلز پارٹی کے سربراہ مقرر کیا ہے۔