ایران کی پاکستان کیلیے بجلی کی برآمد تین گنا

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ 1
Image caption ایران سات ہمسایہ ممالک کو بجلی فراہم کرتا ہے۔

ایران پاکستان کو برآمد کی جانے والی بجلی کی مقدار کو تین گنا کر رہا ہے۔

ایرانی میں سرکاری ویب سائٹ پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے وزیرِ توانائی محمد بہزاد کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد کے لیے اسے بجلی کی برآمد کو تین گنا کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی حکومت نے ایران سے بجلی کی درآمد میں اضافے کی تجویز دی تھی۔ ’ پاکستان کے لیے بجلی کی برآمد میں مرحلہ وار کیا جائےگا۔‘

ایرانی حکام کے مطابق اس وقت ایران پاکستان کو سو میگاواٹ کے قریب بجلی برآمد کرتا ہے۔

ایرانی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک اضافی بجلی دیگر ہمسایہ ممالک کو بھی دینے کے لیے تیار ہے۔

ان کے مطابق مارچ سے شروع ہونے والے حالیہ ایرانی سال میں ملکی بجلی کی برآمد میں اضافہ ہوا ہے۔

اس سے پہلے جون کے مہینے میں ایران کے وزیرِ توانائی ماجد نمجو نے کہا تھا ان کا ملک آئندہ تین برسوں میں پاکستان کو برآمد کی جانے والی بجلی ایک ہزار میگاواٹ تک کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان کے مطابق ایران پاکستان کو بجلی کی فراہمی کے لیے ایک نیا گرڈ سٹیشن بنا رہا ہے۔

ایران میں بجلی کی پیداوار کا نظام سات ہمسایہ ممالک سے منسلک ہے جن میں افغانستان، پاکستان، عراق، ترکی، آذربائیجان، اور ترکمانستان شامل ہیں۔

اسی بارے میں