صدر زرداری واپس پاکستان پہنچ گئے

پاکستانی صدر آصف علی زرداری تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption صدر زرداری ایک شادی میں شرکت کے لیے دبئی گئے ہیں

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری دبئی کے ایک روزہ نجی دورے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔

جمعرات کو ان کی دبئی روانگی کو پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سے جوڑا جا رہا تھا لیکن ان کے قریبی ذرائع نے کہا تھا کہ وہ ایک شادی میں شرکت کے لیے دبئی گئے ہیں اور جلد ہی واپس آجائیں گے۔

اس سے قبل صدر زرداری گزشتہ ماہ اپنے علاج کے لیے دبئی گئے تھے اور قریباً ایک ہفتہ وہاں رہے تھے۔

حال ہی میں حکومت اور فوج کے درمیان کشیدگی کے سبب پاکستان میں عدم استحکام کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔

پاکستانی فوج نے بدھ کو ایک بیان میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اس بیان پر تنقید کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فوج اور اس کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہوں نے متنازع میمو کے معاملے میں حکومت کی منظوری کے بغیر جس طرح سپریم کورٹ میں براہ راست بیانات جمع کرائے، وہ غیر آئینی عمل تھا۔

وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے سیکرٹری دفاع ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعیم خالد لودھی کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا تھا۔

پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں فوج اور حکومت کے درمیان شدید کشیدگی پائی گئی ہے۔

اس کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ وہ متنازعہ میمو ہے جس میں مئی میں القائدہ رہنما اوسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد پاکستانی فوج کی جانب سے حکومت کا تختہ پلٹنے کی ممکنہ کوشش کے نتیجے میں امریکہ کی مدد طلب کی گئی تھی۔

یہ واضح نہیں ہے کہ یہ میمو کس نے تحریر کیا اور امریکیوں تک کیسے پہنچا۔ پاکستان میں سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اسی بارے میں