وزیرِ اعظم کی صدرِ مملکت سے ملاقات

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے طلب کیے جانے کے بعد وزیرِ اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سیاسی صورتِحال پر غور کے لیے پیر کی شام کی شام ایوانِ صدر میں پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے حکومت کی اتحادی جماعتوں کا متشرکہ پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس منعقد کیا جس میں انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

وزیرِاعظم ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس میں چوہدری پرویز الہیٰ، اسفند یار ولی، فاروق ستار، منیر اورکزئی اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں کچھ دیر کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے بعض شرکاء نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ طے پایا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی سے اسفند یار ولی کی پیش کردہ قرارداد منظور کرائے گی اور ان کی کوشش ہوگی کہ مسلم لیگ (ن) سے بات کرکے اتفاقِ رائے سے اُسے منظور کرایا جائے۔

ادھر تین سرکردہ سیاسی رہنماؤں محمود خان اچکزئی، قاضی حسین احمد اور آفتاب شیر پاؤ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ یہ تینوں سیاسی رہنما پہلے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف سے بھی ملاقات کر چکے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اداروں کے ٹکراؤ کو روکا جائے اور ایسا سیاسی حل تلاش کیا جائے جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔