پاکستان کی اہمیت برقرار رہے گی: وزیر اعظم

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کی اہمیت برقرار رہے گی۔

یہ بات انہوں نے تین روزہ سرکاری دورے پر قطر روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہی۔

ایک سوال کے جواب میں کہ آیا افغانستان کے مسئلے کا حل اب قطر میں ہو گا تو وزیر اعظم نے کہا ’پاکستان کی اہمیت ہمیشہ اپنا جگہ برقرار رہے گی۔‘

وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ افغانستان کے ہمسائے ہونے کے ناطے پاکستان فرنٹ لائن سٹیٹ ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر برائے پٹرولیم ڈاکٹر عاصم بھی وزیر اعظم کے ہمراہ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اتوار کے روز کہا تھا کہ پاکستان کی افغان پالیسی پر بھی کئی سوالیہ نشان ہیں کیونکہ وہ بھی ایک آمر نے بنائی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ دن گئے جب ایک شخص بیٹھ کر خارجہ پالیسی بناتا تھا۔ اب ملک کی پارلیمان منتخب نمائندوں کے ذریعے خارجہ پالیسی بنائے گی اور کوئی نہیں بنائے گا‘۔

اسی بارے میں