’دفاعی بجٹ کُل بجٹ کا اٹھارہ فیصد ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ دفاعی بجٹ ملک کے کُل بجٹ کا اٹھارہ فیصد ہے نہ کہ ستر فیصد جیسا عموماً کہا جاتا ہے۔

یہ بات انہوں نے جیکب آباد میں شہباز فضائی اڈے پر ایف سولہ طیاروں کی پاکستان فضائیہ میں شمولیت کے موقع پر کہی۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق جنرل کیانی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ دفاعی بجٹ مجموعی بجٹ کا ستر فیصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل میں دفاعی بجٹ کُل بجٹ کا اٹھارہ فیصد ہے جس میں سے صرف نو فیصد بری فوج کے حصے کا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث دفاعی بجٹ میں کمی واقع ہوئی ہے۔

نیٹو کی رسد بحال کرنے کے حوالے سے جنرل کیانی نے کہا کہ اس بات کا فیصلہ پارلیمان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان ہی افغانستان میں اتحادی فوج آئساف اور نیٹو کے ساتھ دفاعی تعاون کا یعین کرے گی۔

انہوں نے کہا ’یہ معاملہ پارلیمان میں زیرِ بحث ہے اور اس پر پہلے ہی وزیر اعظم پالیسی بیان دے چکے ہیں۔‘

اسی بارے میں