لاہور: بھارتی تاجر کا ہار برآمد، چور گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کی پولیس نے دو روز قبل بھارتی تاجر کا ہیروں سے جڑا ہار برآمد کر لیا ہے اور چور کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ ہار ایکسپو سینٹر میں منعقد کی گئی نمائش میں رکھا گیا تھا جہاں بھارتی تاجروں نے اپنی منصوعات کے سٹال لگائے ہوئے تھے۔

تین روز تک جاری رہنے والی یہ اپنی نوعیت کی پہلی بھارتی نمائش تھی اور اس نمائش کے دوسرے روز شام کو ہیروں کا ہار چوری ہوا تھا۔

لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق ہیروں کا یہ قیمتی ہار بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کی پاکستان آمد سے ایک دن پہلے چوری ہوا اور اسی چوری کے بعد ایکسپو سینٹر میں نگرانی کے انتظامات مزید کڑے کردیے گئے۔

پریس کانفرنس میں سی آئی اے پولیس لاہور کے ایس پی کیپٹن (ریٹائرڈ) لیاقت علی ملِک نے ملزم کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم شکیل ایک پیشہ ور جیب کترا ہے اور چار ماہ پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق ہیروں کا یہ ہار نمائش کے دوسرے روز یعنی اتوار کو چوری ہوا تھا اور ہیروں کے سوداگر کمل کانت نے چوری کا مقدمہ درج کرایا تھا۔

ایس پی لیاقت علی کے مطابق پولیس نے پہلے ملزم سے ہیروں کے ہار کا ایک حصہ خریدا اور پھر دوسرا حصہ خریدتے ہی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے بقول ملزم کا کہنا ہے کہ اس کا چوری کا کوئی ادارہ نہیں تھا اور وہ نمائش میں خواتین کو تاکنے کے لیے گیا تھا۔ ملزم کے مھابق سٹال پر نگرانی کا کوئی خاص انتظام نہ ہونے کی وجہ سے اس نے ہار چوری کیا۔