جمرود میں بم دھماکہ: ایک شخص ہلاک، چھ زخمی

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں ایک مارکیٹ کے سامنے ہونے والے بم دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوئے ہیں۔

خیبر ایجنسی میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ یہ دھماکہ بدھ کو ایک بجے کے قریب تحصیل جمرود کے علاقے وزیر ڈانڈ میں ایک مارکیٹ کے سامنے کھڑی موٹر سائیکل میں ہوا۔

اہلکار کے مطابق دھماکے سے چھ افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ زخمیوں کو ایک مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جن میں تین کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہیں۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ جس مارکیٹ کے سامنے یہ دھماکہ ہوا ہے یہ مشال خیل قبیلے کی ملکیت ہے اور مشال خیل قبائل نے تیراہ میں تحریک طالبان کے خلاف ایک لشکر بنایا ہے جو گزشتہ ایک عرصے سے ان کے خلاف لڑ رہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد مارکیٹ کے سامنے موجود دکاندار معلوم ہورہے ہیں اور اس میں ابھی تک کسی لشکر کے رضاکار کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

خیال رہے کہ خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود میں اسے پہلے خودکش حملوں سمیت شدت پسندی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ ان واقعات میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت سینکڑوں ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

گزشتہ سال اگست میں جمرود کی ایک مسجد پر نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بم حملے میں اکیاون افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں