پشاور: فائرنگ سے چینی خاتون ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہلاک ہونے والی چینی خاتون کی شناخت جین ہووا کے نام سے ہوئی ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک چینی خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پشاور کے گنجان آباد علاقے کوہاٹی گیٹ میں پیش آیا۔

پشاور کے ایس ایس پی آپریشن طاہر ایوب نے بی بی سی کو بتایا کہ چینی خاتون ایک دوسرے پاکستان نوجوان کے ساتھ سڑک پر جا رہی تھی کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کے مطابق پولیس آفسر نے کہا کہ ہلاک ہونے والی چینی خاتون کی شناخت جین ہووا کے نام سے ہوئی ہے اور اس کی عمر چالیس سال کے لک بھگ بتائی جاتی ہے جبکہ دوسرے پاکستانی کا نام محمد سلیمان ہے جس کا تعلق پشاور کے علاقے ناصر باغ سے بتایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا اس بات کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ چینی خاتون یہاں کس کام کے سلسلے میں آئی تھیں اور حملہ آوروں نے ان کو کیوں نشانہ بنایا۔

ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ ہپستال ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو سر اور چہرے پر متعدد گولیاں لگی ہیں۔ تاہم فوری طورپر اس واقعہ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

اسی بارے میں