یونس حبیب پر ہرجانے کا دعوی ہوگا: شہباز شریف

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں: شہباز شریف

مسلم لیگ ن کے وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے آج ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ وہ مہران بینک کے سابق سربراہ یونس حبیب کے خلاف ہرجانے کا دعوی کر رہے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے اس پریس کانفرنس میں مہران بینک کے سربراہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یونس حبیب اس سلسلے میں ہر روز اپنا موقف تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے ایک فارسی کہاوت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جھوٹ بولنے والے شخص کا حا فظہ کمزور ہوتا ہے۔ شہباز شریف کے مطابق مسلم لیگ ن کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں اور یہ الزامات انہی سازشوں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کے درپردہ جو کردار ہیں ان کے بارے میں عوام جانتے ہیں اور کچھ کرداروں کو وہ بہت جلد بے نقاب کریں گے

شہباز شریف کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ مطالبہ کیا کہ حبیب بینک اور مہران بینک کے اربوں روپے ہڑپ کرنے پر یونس حبیب کو کڑی سزا دی جائے۔ شہباز شریف نے الزام لگایا کہ یونس حبیب نے عوام کا یہ روپیہ آصف زرداری کے حواریوں میں تقسیم کیاتھا جس پر مسلم لیگ ن نے ہمیشہ احتجاج کیا۔

وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے بقول ان کی جماعت نے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے حلقوں کی جانب سے پہلے ہی یہ مطالبہ سامنے آ چکا ہے کہ میڈیا پر تردیدی بیانات جاری کرنے کی بجائے مسلم لیگ کی قیادت آئی ایس آئی سے پیسے لینے کے الزامات کا عدالت میں دفاع کرے۔

اسی بارے میں