ڈرون حملے میں تین غیر ملکی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج ہوتا رہتا ہے

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک امریکی ڈرون حملے میں تین غیر ملکی ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر شمالی وزیرستان کے ایک اہم مرکز میران شاہ بازار میں پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی جاسوس طیارے سے ظفر ٹاؤن میں واقع ایک مکان کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔

اہلکار کے مطابق حملے میں دو کمروں کا یہ مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں موجود تین غیر ملکی باشندے ہلاک ہوگئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے غیر ملکی بتائے جاتے ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ان کا تعلق کس ملک سے تھا۔

خیال رہے کہ امریکی غیر سرکاری اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں میں دو ہزار چار سے لے کر اب تک تین سو سے زائد کے قریب ڈرون حملے ہوچکے ہیں جن میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔

پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج ہوتا رہتا ہے اور ان حملوں کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ان میں زیادہ تر بے گناہ افراد نشانہ بنتے ہیں۔

عموماً دیکھا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات جب بھی تلخی کا شکار ہوئے ہیں ڈرون حملوں کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار رہا ہے تاہم یہ تعطل مستقل بندش کی شکل اختیار نہیں کر سکا۔

اسی بارے میں