’مشرف میری والدہ کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ پاکستان میں ایک مشکل وقت ہے اور ہم سب کو مدد کرنی چاہیے:بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف ان کی والدہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔

واشنگٹن میں امریکی ٹی وی سی این این کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بلاول نے کہا کہ پرویز مشرف بینظیر کی جان کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے اور انہوں نے خود ماضی میں انہیں دھمکی دی تھی۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’جب مشرف نے ملک میں ایمرجنسی لگائی تو یہ واضح تھا کہ انہیں پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں دلچسپی نہیں تھی۔ اس پر میری والدہ نے ان کے خلاف زیادہ کھل کر بات شروع کی تو ان کی سکیورٹی کم کر دی گئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ القاعدہ نے طالبان کو اصل کام(بینظیر بھٹو پر حملہ) کے لیے ہدایات دی تھیں لیکن سابق صدر پرویز مشرف نے ان کی والدہ کی سکیورٹی ان حالات میں سبوتاژ کی جبکہ وہ حملے کے بارے میں جانتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اپنی سلامتی کے بارے میں انہیں کوئی تحفظات نہیں ہیں۔

سیاسی مستقبل کے بارے میں سوال پر بلاول کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات میں اہم کردار ادا کرنے اور باقاعدہ سیاسی کیریئر کے آغاز کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ انتخابات میں اپنی تعلیمی مصروفیات کی وجہ سے سیاست کو زیادہ وقت نہیں دے پائے تھے اور اب ان کی نظریں آئندہ انتخابات کی مہم پر مرکوز ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی عوام کی ہرممکن طریقے سے مدد کرنا چاہتے ہیں اور’ یہ پاکستان میں ایک مشکل وقت ہے اور ہم سب کو مدد کرنی چاہیے‘۔

اسی بارے میں