کوئٹہ: راکٹ حملے میں تین ہلاک، تیرہ زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ پر مغربی علاقے سے نامعلوم افراد نے دو راکٹ فائر کیے ہیں جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک تیرہ زخمی ہوئے ہیں۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق سنیچر کی رات کو کوئٹہ کے مغربی علاقے سے شہر پر دو راکٹ فائر ہوئے۔ جن میں سے ایک راکٹ شہر کے مصروف ترین علاقے قندھاری بازار میں جوتوں کی دکان پر آگرا۔

جبکہ ایک اور راکٹ کاسی روڈ پر بستی پنچاہت میں گرا ہے۔ دونوں دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ پہنچا دیاگیا۔ جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

دھماکے سے کئی دکانوں اور مکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ شہر میں سیکورٹی کے انتظامات مذیدسخت کر دیے گئے۔

دوسری جانب سول ہسپتال کوئٹہ میں فوری طورایمرجنسی نافذ کر دی اورڈاکٹروں کو فوری طور پر ہسپتال طلب کرلیاگیا۔