وانا: ڈرون حملے میں دو کمانڈر ہلاک

پا کستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں حکام کے مطابق ملا نذیر گروپ کے دو کمانڈر امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے۔

پولٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کی صبح نو بجے کے قریب صدر مقام وانا میں شہر سے کوئی پانچ کلومیٹر دور مغرب کی جانب گاؤں خُوشی خیل میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ملانذیر گروپ کے دو کمانڈر ہلاک ہو گئے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ آبادی کے قریب ایک خالی میدان میں ہوا جس میں امریکی جاسوس طیارے سے ایک گاڑی پر دو میزائل داغے گئے۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ملا نذیر گروپ کے ایک اہم کمانڈر ملنگ کے چھوٹے بھائی رحمان علی شامل ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق ڈرون حملے میں ملنگ کے چھوٹے بھائی کمانڈر رحمان علی اور ان کے ایک ساتھی موقع پر ہلاک ہوگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوسرا کمانڈر بھی مقامی تھا لیکن فوری طور پر ان کا نام معلوم نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی جس سے گاڑی اور لاشیں مکمل طور پر جھلس گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ ہوتے ہی قریبی گاؤں سے درجنوں لوگ وہاں پہنچ گئے اور لاشوں کوگاڑی سے نکال کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل کر دیا۔

خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو افواج کے حملے کے بعد پاکستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں میں کمی واقعی ہوئی تھی لیکن اب ایک پھر گزشتہ دو ہفتوں سے ان حملوں میں تیزی آئی ہے۔

اسی بارے میں