سی این جی ٹیکس کے خلاف جزوی ہڑتال

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان میں سی این جی سٹیشن مالکان نے حکومت کی طرف سے سی این جی پر مجوزہ ٹیکس کے خلاف ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔

ملک میں بیشتر سی این جی سٹشینز بند ہونے کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سی این جی سٹیشن مالکان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ اپنے سٹیشن غیر معینہ تک بند رکھیں گے۔

بدھ کو ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے کیا تھا اور تنظیم کے اعلان پر سی این جی سٹیشنز مالکان نے نیا ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا اور اپنا کاروبار بند رکھا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت بعض شہروں میں سی این جی کی ہفتہ وار بندش کی وجہ سے سٹیشنز بند رہے جبکہ دیگر شہروں میں ہڑتال کی گئی۔

لاہور میں ہونے والے مظاہرے میں مالکان کے ساتھ ساتھ سی این جی سٹیشنز پر کام کرنے والے ملازمین بھی شامل تھے۔

سی این جی مالکان کی تنظیم کی صوبائی قیادت لاہور میں جیل روڈ پر اکٹھی ہوئی اور مظاہرین نے ٹائر جلا کر ٹریفک کو مکمل طور پر بند کر دیا۔

احتجاج میں آل پاکستان رکشا یونین کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی اور احتجاج کرتے ہوئے ایک رکشے کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے رکشہ قبضے میں لے لیا۔

مظاہرین نے جلوس کی شکل میں گورنر ہاؤس جانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں وہاں جانے سے روک دیا جس پر پولیس اور مظاہرین میں معمولی جھڑپ ہوئی تاہم مظاہرین وہاں سے منشتر ہوگئے۔

آل سی این جی ایسوی ایشن پنجاب کے عہدیدار ماجد انصاری نے مطالبہ کیا کہ سی جی این غریب اور متوسط طبقے کا ایندھن ہے اس پر ٹیکس لگا اس کی قیمت میں اضافہ نہ کیا جائے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پشاور سے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہڑتال کی وجہ سے شہر کے لگ بھگ تمام سی این جی سٹشیز بند رہے البتہ چند ایک سٹیشنز پر گاڑیوں کو گیس فراہم کی گئی۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے برعکس بلوچستان میں سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف جزوی ہڑتال ہوئی اور اکثر سی این جی سٹیشنز کھلے رہے۔

کوئٹہ سے نامہ نگار ایوب ترین نے بتایا کہ ہڑتال میں حصہ نہ لینے والے مالکان کا یہ کہنا ہے کہ امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر پہلے ان کا کاروبار نہ ہونے کے برابر ہے اور ہڑتال کرنے سے انہیں مزید مالی مشکلات کا سامنا ہو گا۔

صوبہ سندھ میں سی این جی مالکان نے جزوی ہڑتال کی۔کراچی سے نامہ نگار حسن کاظمی نے بتایا کہ سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال پر جزوی ردعمل سامنے آیا اور شہر کے کچھ سی این جی سٹیشنز بند رہے تاہم جو سٹیشنز کھلے تھے ان پر رش زیادہ رہا۔

اسی بارے میں