کوئٹہ فائرنگ: چار پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افرادنے گشت پر مامور چار پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

سنیچر کی صبح کوئٹہ کے نواحی علاقے سریاب روڈ پر موسی کالونی کے قریب نامعلوم افراد نے اس وقت فائرنگ کی جب سیٹلائیٹ ٹاؤن تھانہ کے چار پولیس اہلکار دو موٹرسائیکلوں پر ریلوئے لائن عبور کررہے تھے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زرمحمد، سرفراز، حفیظ الرحمان اور عبدالکریم موقع پر ہلاک ہوگئے تاہم ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ لایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے ضروری کارروائی کرنے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔

حکام کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیس شروع کر دی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران سریاب اور سیٹلائیٹ ٹاؤن تھانہ کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر حملوں میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ نامعلوم افراد نے ایس ایس پی شاہنواز خان کو گولی مار کرہلاک کر دیا تھا۔

کالعدم تنظیم لشکر جھنگوئی نے بعد میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

اسی بارے میں