پشاور: گاڑی پر فائرنگ، دو افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے نواحی علاقے میں ایک مُسافر گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس اہلکار ہدایت اللہ نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کو پشاور شہر سے کوئی دس کلومیٹر دور جنوب کی جانب متنئی کے علاقے یوسف خیل میں نامعلوم مُسلح افراد نے ایک مُسافر گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ یوسف خیل سے پشاور کے علاقے کوہاٹ آڈہ جارہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والی پک آپ گاڑی تھی جس میں دس کے قریب مُسافر سوار تھے۔ اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں بھائی ہیں جن کے نام حاجی گل اور نبی گل بتائے جاتے ہیں۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ دونوں بھائی عام شہری تھے اور علاقے میں ان کی کسی قسم کی دُشمنی نہیں تھی۔

پولیس اہلکار نے مزید بتایا کہ اس واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور یوسف خیل سے ملنے والی تمام راستوں پر ناکہ لگا کر آنے جانے والوں کی تلاشی شروع کی ہے لیکن ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

یاد رہے کہ متنئی نیم قبائلی علاقہ درہ آدم خیل کے قریب واقع ہے جہاں پہلے بھی عام شہریوں کے گاڑیوں کے علاوہ سکول کے بچوں کی گاڑیوں پر بھی حملے ہوچکے ہیں۔

اسی بارے میں