رحمان ملک نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے

Image caption سپریم کورٹ کی جانب سے رکنیت معطل کیے جانے کے بعد رحمان ملک نے نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا

پاکستان میں وزیراعظم کے مشیرِ داخلہ رحمان ملک نے پارلیمان کے ایوان بالا یعنی سینیٹ کی رکنیت کا انتخاب دوبارہ لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں۔

دوہری شہریت کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے رکنیت معطل کیے جانے کے بعد رحمان ملک نے اپنی نشست سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

انہوں نے اسی نشست کے لیے جمعہ کو کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں اپنے کاغذات جمع کروائے۔

انتخابات کے نگراں ادارے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے جانے کا آخری وقت جمعہ کو شام چار بجے تک تھا اور حکام کا کہنا ہے کہ آخری وقت تک کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے لہذٰا کاغذات درست ثابت ہو جانے پر رحمان ملک بلا مقابلہ منتخب سینیٹر تصّور ہوں گے۔

صوبائی الیکشن کمشنر سونا خان بلوچ نے بی بی سی کے جعفر رضوی کو بتایا کہ اب تیئیس اور چوبیس جولائی کو ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے لیے اکتیس جولائی کی تاریخ مقرر کی گئی تھی اور اگر کوئی اور امیدوار ہوتا تو اس صورت میں آٹھ اگست کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں باقاعدہ ووٹنگ ہوتی لیکن چونکہ کوئی اور امیدوار نہیں ہے اس لیے اب کاغذات درست ثابت ہوجانے پر یہ سارا عمل نہیں ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ رحمان ملک کا نام بطور ووٹر سندھ میں درج ہے، اور ان کی یہاں جائیداد ہے لہذا وہ یہیں سے انتخاب لڑیں گے۔

رحمان ملک پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ کی شہریت بھی رکھتے تھے۔

پاکستان کی سپریم کورٹ نے دہری شہریت کے حامل افراد کو پارلیمان کی رکنیت کے لیے ناہل قرار دیے جانے کی سماعت کے دوران جن کئی اراکین پارلیمان کی رکنیت معطل کردی تھی، اس وقت کے وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک بھی ان میں شامل تھے۔

بعد ازاں رحمان ملک نے سپریم کورٹ میں ایک سند جمع کروائی کہ وہ برطانوی شہریت سے دستبردار ہوتے ہیں اور اب صرف پاکستان کے شہری ہیں۔

اب سندھ کے الیکشن کمشنر سونا خان بلوچ کا کہنا ہے کہ رحمان ملک نے ادارے کو ایسے ثبوت و شواہد پر مبنی کاغذات جمع کروائے ہیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ اب برطانوی شہری نہیں رہے۔

اگر یہ کاغذات درست ہیں تو پھر الیکشن کمیشن باقاعدہ ان کی بلامقابلہ کامیابی کا اعلان کردے گا۔

اسی بارے میں