دورہ نتیجہ خیز رہا: بھارتی وزیرِخارجہ

آخری وقت اشاعت:  اتوار 9 ستمبر 2012 ,‭ 16:41 GMT 21:41 PST
ایس ایم کرشنا

’بھارت اور بھارتی عوام پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں‘

بھارت کے وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا پاکستان کا تین روزہ دورہ ختم کرکے واپس بھارت چلے گئے۔ انہوں نے اپنے دورے کو نتیجہ خیز قرار دیا ہے۔

ایس ایم کرشنا نے پاکستان کے تین روزہ دورے کا آخری دن لاہور میں گزرا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق لاہور آمد کے بعد بھارتی وزیرِ خارجہ نے پنجاب کے گورنر سردار لطیف خان کھوسہ اور وزیرِ اعلیٰ شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور اُس کے بعد وہ شہر کی سیر کے لیے نکلے۔

وطن واپسی سے پہلے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ اُن کا اِس دفعہ کا دورہ نتیجہ خیز ثابت ہوا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت اور بھارتی عوام پاکستان کو مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایس ایم کرشنا نے کہا کہ وزیرِ اعظم من موہن سنگھ اور بھارتی عوام کی یہ دلی تمنا ہے کہ وہ ہمسائے کے طور پاکستان کو ایک مستحکم، ترقی پسند اور پرامن ملک کے طور پر دیکھیں اور یہ بات اس خطے کے لیے بہت اہم ہے۔

بھارتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ان کا دورۂ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کو اچھی پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہیے۔

"دونوں ملکوں عوام کے بہتر اور خوش حال مستقبل کی خاطر دونوں ملکوں کو اکٹھے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ "

بھارتی وزیر خارجہ

ایس ایم کرشنا نے کہا کہ دونوں ملکوں عوام کے بہتر اور خوش حال مستقبل کی خاطر دونوں ملکوں کو اکٹھے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا نے مختصر وقت میں بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور مینارِ پاکستان دیکھے۔ اِس کے علاوہ انہوں نے داتا دربار، گردوارہ ڈیرہ صاحب اور رنجیت سنگھ کی سمادھی پر بھی حاضری دی۔

بھارتی وزیرِخارجہ لاہور میں چھ گھنٹے قیام کے بعد ہوائی جہاز کے ذریعے واپس بھارت چلے گئے۔

بھارتی وزیرِخارجہ نے اپنے تین روزہ دورے میں ویزوں کے معاہدے پر دستخط کیے۔ ان معاہدوں کے تحت پینسٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے سرحد پر ویزوں کے اجرا اور کاروباری افراد کے لیے متعدد بار داخلے کے ویزوں کا اجراء بھی شامل ہے، جن میں انہیں پولیس کی رجسٹریشن سے چھوٹ دی گئی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔