احمد مختار کے بھائی کی مسلم لیگ میں شمولیت

آخری وقت اشاعت:  پير 24 ستمبر 2012 ,‭ 18:33 GMT 23:33 PST

پاکستان میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر چودھری احمد مختار کے بڑے بھائی چودھری احمد سعید حزب مخالف کی جماعت مسلم لیگ نون میں شامل ہوگئے۔

اس بات کا اعلان چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا گیا۔

چودھری احمد سعید پیر کو مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف سے ملاقات کی اس ملاقات میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق چودھری احمد سعید بینظیر بھٹو کے پہلے دورِ حکومت میں زرعی ترقیاتی بینک کے سربراہ رہے اور سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے انہیں قومی ائیر لائن یعنی پی آئی اے کا مینجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا۔

احمد سعید نے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم سنہ انیس سو نوے میں سرکاری عہدیدار ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے بھائی احمد مختار کو انتخاب لڑایا اور خود ایک طرح سے سیاست سے دور ہوگئے۔

"آئندہ انتخابات میں چودھری احمد سعید مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے مدمقابل امیدوار ہوں گے۔"

احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں چودھری احمد سعید مسلم لیگ نون کی جانب سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ قاف کے سربراہ چودھری شجاعت حسین کے مدمقابل امیدوار ہوں گے۔

ادھر پیپلز پارٹی کے رہنما فواد چودھری کہا ہے کہ چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون میں شمولیت سے پیپلز پارٹی کو فرق نہیں پڑتا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کے مطابق چودھری احمد سعید کبھی پیپلز پارٹی کا حصہ نہیں رہے اور نہ ہی ان کی اتنی سیاسی حیثیت ہے کہ گجرات کی سیاست پر کوئی فرق پڑے۔

ان کے بقول احمد سعید کا اپنے بھائی احمد مختار سے سیاسی راستہ ہیمشہ سے الگ رہا ہے۔

چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون میں شمولیت پر گجرات کی مقامی سیاست پر نظر رکھنے والوں کے بقول یہ کہنا درست نہیں ہے کہ چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون میں شمولیت سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

"چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون میں شمولیت سے سیاست نے ایک نیا موڑ لیا ہے اور وہ چودھری برداران کے مخالف ووٹوں کو اپنی طرف راغب کرسکتا ہے اور ایسے کرنے میں انہیں کوئی خاص مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔ احمد سعید کی شمولیت سے مسلم لیگ نون کو فائدہ ہوگا کیونکہ مسلم لیگ قاف بننے سے مسلم لیگ نون گجرات میں اتنی مضبوط نہیں تھی۔"

صحافی وسیم اشرف بٹ

سیاسی تجزیہ نگار سہیل وڑائچ کے مطابق ایک خاندان تقسیم ہونے سے ووٹ بھی تقسیم ہوتے ہیں اور بقول ان کے احمد سعید طاقت ور سمجھے جاتے ہیں۔

گجرات کے صحافی وسیم اشرف بٹ کہتے ہیں کہ چودھری احمد سعید کی مسلم لیگ نون میں شمولیت سے سیاست نے ایک نیا موڑ لیا ہے اور وہ چودھری برداران کے مخالف ووٹوں کو اپنی طرف راغب کرسکتا ہے اور ایسے کرنے میں انہیں کوئی خاص مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔

وسیم اشرف بٹ کے مطابق احمد سعید کی شمولیت سے مسلم لیگ نون کو فائدہ ہوگا کیونکہ مسلم لیگ قاف بننے سے مسلم لیگ نون گجرات میں اتنی مضبوط نہیں تھی۔

ادھر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ غضنفر گل کے بھائی نوابزادہ مظہر خان اور نوابزادہ مظفر علی خان بھی مسلم لیگ نون میں شامل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے دو روز قبل وزیر اعلیْ پنجاب سے ملاقات کی اور مسلم لیگ نون میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔