زرداری کی نیویارک میں مصروفیات

آخری وقت اشاعت:  پير 24 ستمبر 2012 ,‭ 09:30 GMT 14:30 PST

صدر آصف علی زرداری اپنے وفد کے ہمراہ اتوار کی شام نیویارک پہنچے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اقوام متحدہ کی جنرل اسبملی کے سڑسٹھویں سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکی شہر نیویارک پہنچـے ہیں۔

صدر زرداری منگل کی شام جنرل اسبملی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

صدر آصف علی زرداری اپنے وفد کے ہمراہ اتوار کی شام نیویارک پہنچے۔

صدر کے وفد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری جہانگیر بدر، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی اور وفاقی وزیر فرزانہ راجہ بھی شامل ہیں جبکہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر پہلے ہی امریکہ کے دورے پر ہیں۔

صدر زرداری جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے اس وقت خطاب کریں گے جب ان کی پارٹی کی حکومت نے اپنی پانچ سالہ مدت کے ساڑھے چار سال پورے کیے ہیں۔ صدر زرداری پہلی بار دو ہزار آٹھ میں اپنا عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد جنرل اسمبلی کےاجلاس سے خطاب کرنے نیویارک آئے تھے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر سے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق جنرل اسمبلی کے سڑسٹھویں اجلاس کا عنوان ’دنیا کے ممالک کے درمیاں تنازعات کا پرامن حل‘ ہے۔

پیر کے روز پہلی بار اقوام متحدہ کی قیادت کی سطح کا ایک اجلاس ہو رہا ہے جس میں قانون کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر حکمرانی کے موضوع پر غور و بحث کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس اجلاس میں سیکرٹری جنرل بان کی مون، جنرل اسبملی کے صدر کے علاوہ عالمی عدالت ہیگ کے صدر بھی شرکت کر رہے ہیں۔

جنرل اسبملی میں عام بحث کے اجلاس میں منگل کی صبح امریکی صدر باراک اوباما خطاب کریں گے جبکہ منگل کی شام خطاب کرنے والے رہنماؤں میں صدر آصف علی زرداری بھی شامل ہیں۔

صدر زرداری سمیت اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ایک سو ترانوے ممالک کے سربرہان مملکت، وزراء اعظم، وزراء خارجہ میں سے نوے سے زائد شخصیات نیویارک پہنچ چکی ہیں جن کی حفاظت اور پروٹوکول کے لیے نیویارک کے مین ہیٹن کے مشرقی علاقے اور اقوام متحدہ کے صدر دفاتر کے اطراف سخت ترین حفاظتی انتظامات دیکھنے میں آئے ہیں۔

اجلاس کے موقع پر صدر زرداری سے امریکی سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن کی ملاقات متوقع ہے تاہم صدر باراک اوباما سے باقائدہ ملاقات متوقع نہیں بتائي جا رہی ہے۔

توقع ہے کہ صدر باراک اوباما جنرل اسبملی میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت اور وزرائے اعظم کے اعزاز میں نیویارک میں عشائیہ بھی دیں گے۔

صدر زرداری گذشتہ بار امریکہ میں افغانستان کے مسئلے پر نیٹو کانفرنس میں شرکت کرنے شکاگو آئے تھے۔

اس اجلاس میں نیٹو سپلائی بند ہونے کی وجہ سے امریکی قیادت کی طرف سے ان کے ساتھ سردمہری کی کہانیاں امریکی و عالمی میڈیا پر کافی گردش کرتی رہیں۔

لیکن رپورٹوں کے مطابق ان کے حالیہ امریکی دورے کے دوران امریکہ‘ افغانستان اور پاکستان کے درمیاں اعلیٰ سطحی اجلاس متوقع ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔