جلسے پر فائرنگ میں چھ ہلاک، سوگ کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  پير 8 اکتوبر 2012 ,‭ 05:46 GMT 10:46 PST
سندھ فائل فوٹو

سندھ میں حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے خلاف بھی غصہ پایا جاتا ہے

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ کے جلسے پر فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین لیے تین لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس واقعے میں شدید زخمی ہونے ہونے والوں کے لیے ایک ایک لاکھ جبکہ معمولی زخمی ہونے والوں کے لیے پچاس ہزار روپے کا بھی اعلان کیا ہے۔

قائم علی شاہ نے سوموار کو صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سندھ کے وزیر ایاز سومرو نے سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس جلسے میں ہلاک ہونے والوں میں صحافی مشتاق کھنڈ بھی شامل ہیں۔

مشتاق کھنڈ ایک نجی ٹی وی چینل ’دھرتی ٹی وی‘ کے کیمرہ مین تھے۔

ان کے علاوہ ہلاک ہونے والوں میں ظفر جانوری، رضا مہدی، دلشاد جانوری اور صلاح الدین شامل ہیں جو جلسے میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے۔

نفیسہ شاہ صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ کی بیٹی ہیں اور پی پی پی کی رکن قومی اسمبلی اور خیرپور کی سابق ضلع ناظم رہی ہیں۔

ہمارے نامہ نگار کے مطابق نفیسہ شاہ پیر جو گوٹھ میں ایک جلسے کے بعد خیرپور کے قریب ایک اور جلسے میں شرکت کے لیے ابھی پہنچی نہیں تھیں کہ یہ واقع ہوا۔

دس زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جس کی بنیاد پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق زخمیوں میں میونسپل ایڈمنسٹریٹر نیاز جانوری بھی شامل ہیں۔

خیر پور پولیس کے ایس پی یار محمد رند نے کہا کہ پولیس نے فوری طور پر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ جانوری قبیلے کے افراد کے باہمی اختلافات کے نتیجے میں تصادم ہو سکتا ہے مگر اس بارے میں واضح طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔