’شدت پسندوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی‘

آخری وقت اشاعت:  پير 29 اکتوبر 2012 ,‭ 04:19 GMT 09:19 PST

صدر زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جدو جہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف جاری جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے خیبر پختونخواہ کے شہر نوشہرہ میں صوفی بزرگ سید کستیر گل المعروف کاکا صاحب کے مزار کی تاریخی عمارت پر ہونے والے بم حملے کی سختی سے مذمت کی ہے جس میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور دو درجن کے قریب زخمی ہوگئے۔

ایوان صدر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں صدر نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ہمیں عسکریت پسندوں کے خلاف جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک لے جانے سے نہیں روک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شدت پسند معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر دنیا کو اپنا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں۔

کاکا صاحب زیارت کو اتوار کودھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا۔ یہ زیارت نوشہرہ سے پندرہ کلو میٹر دور ہے اور اِن دنوں وہاں عید میلہ جاری تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق عید میلے میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی جب وہاں بم دھماکہ ہوا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بم ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا اور ٹائمر کے ذریعے اڑایا گیا۔

واضح رہے کہ اِسی زیارت پر گزشتہ سال بھی بم دھماکہ ہوا تھا جس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

پاکستان میں حالیہ برسوں میں شدت پسندوں نے صوفی بزرگوں کے مزاروں کو بم حملوں کا نشانہ بنایا ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔

جنوبی پنجاب میں ایک مزار پر بم دھماکے بعد دوسرا دھماکہ کرنے کی کوشش میں زندہ پکڑے جانے والے ایک نوعمر خودکش بمبار نے بتایا تھا کہ اسے خودکش دھماکے کی ترغیب اور تربیت دینے والے شدت پسند اسے کہتے تھے کہ مزاروں پر آنے والے لوگ کافروں سے بھی بدتر ہوتے ہیں۔

کاکا صاحب کا مزار خیبر پختونخواہ کی مشہور اور قدیم زیارتوں میں سے ایک ہے۔ مؤرخین کے مطابق مغل بادشاہ اکبر کاکا صاحب سے ملاقات کے لیے آیا کرتے تھے اور انہوں نے اس کے لیے وہاں سرائے بھی بنوائی تھی۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخواہ میں اس سے پہلے بھی مشہور صوفی شعراء اور بزرگ شخصیات جیسے رحمٰن بابا، امیر حمزہ خان شنواری، پیر بابا اور اجمل خٹک کے مزاروں پر دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حملے کئے گئے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔