’آئندہ نسلوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 9 نومبر 2012 ,‭ 00:06 GMT 05:06 PST

ملالہ یوسف زئی کے والد نےکہا ہے کہ وہ ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ملالہ یوسف زئی کی حمایت کی اور اس پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی مذمت کی۔

برطانیہ کے کوئین الزبتھ ہسپتال نے ملالہ یوسف زئی کے والد ضیاءالدین یوسف زئی کا ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے کہا ’میں ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو امن کو پسند کرتے ہیں اور جنہوں نے ملالہ یوسف زئی کی حمایت کی‘۔

اس ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ملالہ یوسف زئی کی صحت کے لیے دعا کی اور اس کے عظیم مقاصد کی حمایت کی جن میں تعلیم، اظہارِ رائے کی آزادی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے ہر رنگ، نسل اور قومیت کے لوگوں نے ملالہ کے لیے پیغامات بھجوائے۔

انہوں نے باالعموم پاکستان اور بالخصوص خیبر پختونخواہ کے ان تمام کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جو بقول ان کے امن سے محبت کرتے ہیں اور دنیا بھر میں اور پاکستان میں قیامِ امن کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملالہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہے اور اس نے پیغام دیا ہے کہ وہ اس کے لیے بھیجے جانے والے خیرسگالی کے پیغامات اور تحائف پر بہت خوش اور ممنون ہے۔

ملالہ کے والد کے بقول ان پیغامات نے ملالہ کو جلد صحت یاب ہونے اور مزید مضبوط ہونے میں مدد دی ہے۔

ملالہ کے والد کا کہنا تھا کہ ’ملالہ کی جدوجہد کا مقصد انسانی وقار اور رواداری کا فروغ ہے‘۔

بقول ان کے ’ملالہ نے اپنے خون سے انسانی تہزیب اور وحشی پن کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ملالہ قائداعظم کے پاکستان کی حقیقی تصویر ہے۔ بقول ان کے’ملالہ کی آواز پاکستانی قوم کی آواز ہے۔ اور تمام دنیا کے بچوں کی آواز ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج ملالہ اور اس جیسی انسانی حقوق کی دوسری کارکنوں کی آواز نہ سنی گئی تو آئندہ آنے والی نسلیں بنیادی حقوق سے محروم رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی آنے والوں نسلوں کے لیے امن اور استحکام پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔‘ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ تعلیم حق ہے۔

انہوں نے کہا ’تعلیم انسان کو اپنے جیسے دوسرے لوگوں کے ساتھ اور ماحول کے ساتھ ہم آہنگ ہونا سکھاتی ہے۔ آج ساری دنیا ایک دوسرے سے وابستہ اور ایک دوسرے پر انحصار کرتی ہے۔‘

انہوں نے لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کی تعلیم کو ضروری قرار دیا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔