صدر زرداری کی ملالہ سے ملاقات

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 8 دسمبر 2012 ,‭ 18:09 GMT 23:09 PST

ملالہ ایک غیرمعمولی لڑکی اور پاکستان کا فخر ہے: صدر زرداری

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے طالبان کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد برطانیہ میں زیرِ علاج پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کی عیادت کی ہے۔

صدر زرداری سنیچر کو اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے ہمراہ برمنگھم میں کوئین الزبتھ ہسپتال گئے اور ملالہ سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ملالہ کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

ہسپتال کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس ملاقات سے قبل ہسپتال کے عملے نے پاکستانی صدر کو ملالہ کی صحتیابی کے بارے میں آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے ملالہ کی بہترین دیکھ بھال پر ہسپتال کے حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا ’ملالہ ایک غیرمعمولی لڑکی اور پاکستان کا فخر ہے‘۔

صدر زرداری اتوار کو لندن سے پیرس روانہ ہوں گے جہاں وہ پیر کو ایک عالمی تقریب میں شرکت کریں گے جس کا موضوع ’ملالہ کا ساتھ دو، تعلیم کے لیے لڑکیوں کے حق کا ساتھ دو‘ ہے ۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اس تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ کے تعلیمی سماجی اور ثقافتی ادارے اور حکومتِ پاکستان کے اشتراک سے کیاجا رہا ہے ۔

بی بی سی اردو سروس میں گل مکئی کے نام سے سوات سے ڈائریاں لکھ کر عالمی شہرت حاصل کرنے والی ملالہ یوسفزئی رواں برس اکتوبر کے اوائل میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر سوات میں ایک سکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں دو طالبات سمیت زخمی ہوگئی تھیں۔

انہیں ابتدائی علاج کے بعد برطانیہ منتقل کر دیا گیا تھا جہاں اب ان کا علاج جاری ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔