پرویز ہود بھائی، بان کی مون کے مشیر مقرر

آخری وقت اشاعت:  پير 24 دسمبر 2012 ,‭ 00:40 GMT 05:40 PST

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں میں نیوکلیئر طبعیات کے ماہر سائنسدان ڈاکٹر پرویز ہود بھائی کو تخفیف اسلحہ یا ڈس آرمامنٹ کے معاملات پر تین سال کیلیے اپنا مشیر مقرر کیا ہے۔

یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کے صدر دفاتر سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پرویز ہود بھائی سیکرٹری جنرل بان کی مون کے تخفیف اسلحہ پر مشاورتی بورڈ کے نو مقرر کردہ اراکین میں شامل ہوں گے۔

اس بورڈ کے موجودہ اراکین کی تین سالہ معیاد مشاورت رواں ماہ دسمبر کی اکتیس تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔

آئندہ تین برس کے لیے لیے منتخب کیے گئے مشاورتی بورڈ کے ارکان میں پاکستان سے ڈاکٹر پرویز ہود بھائی کے علاوہ اردن کے واعیل الاسد، فلپائن کی میری کابئیلیرو، جمہوریہ کوریا کے سنگ جو شوئی، ارجینٹینا کے رت ڈایامنٹ، آسٹریلیا کے ٹریوور فنڈلے، گھانا کے ایبو ہچفل، سوئٹزر لینڈ کے فریڈ ٹینر، اور چین کے وو ہیتائو شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے آئندہ سال ستائیس فروری سے یکم مارچ تک تخفیف اسلحہ پر مشاوتی بورڈ کا انسٹھواں اجلاس نیویارک میں منعقد ہو گا جس کی صدارت کے لیے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مشاوتی کونسل کے موجودہ صدر ڈیسمنڈ بووون کا تقرر کیا ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے تخفیف اسلحہ پر مشاورتی بورڈ، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انیس سو اٹھہتر میں قائم کیا گیا تھا جس کے پندرہ اراکین ہوتے ہیں اور ان کی معیاد تین سال ہوتی ہے۔

اقوام متحدہ کے اس بیان میں سیکرٹری جنرل بان کی مون کی طرف سے پرویز ہود بھائی سمیت مقرر کردہ نئے ارکین کے بار ے میں کہا گیا ہے کہ ان کی تقرری عالمی سلامتی اور تخفیف اسلحہ کے شعبوں میں ان کے علم تجربے اور مہارت کی بنیاد پرکی گئی ہے جو کہ اپنے اپنے ملکوں کی حکومتوں کے نمائندے نہیں بلکہ اپنی ذاتی حيثیت میں کام کریں گے۔

پاکستان میں نیوکلیئر فزکس کے سابق استاد ڈاکٹر پرویز ہود بھائی کا شمار پاکستان کے بائیں بازو کے معروف دانشوروں میں ہوتا ہے۔ وہ سنہ انیس سو تہتر میں بیرون ملک سے نیوکلیئر فزکس میں پی ایچ ڈی کرنے کے بعد پاکستان لوٹ آئے تھے اور تب سے یہیں تدریس کی خدمات انجام دے رہے تھے

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔