’پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی نفرت انگیز‘

آخری وقت اشاعت:  پير 31 دسمبر 2012 ,‭ 04:26 GMT 09:26 PST

’یہ اندوہناک دہشت گردی کے واقعات کسی کسی مقصد یا محرومی کی توجیہہ نہیں بن سکتے‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات ’نفرت انگیز‘ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے بیان میں اتوار کے روز پشاور کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ سے اغوا کیے گئے اکیس نیم فوجی اہلکاروں اور صوبہ بلوچستان کے علاقے میں مستونگ میں انیس شیعہ زائرین کی ہلاکت کی مذمت کی۔

بان کی مون کے ترجمان مارٹن نیسرکی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے خاص طور پر پاکستان میں کلِک اقلیتوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق انہوں نے پشاور کے نزدیک سے اغوا کیے گئے کلِک اکیس نیم فوجی اہلکاروں کی شدت پسندوں کے ہاتھوں ہلاکت کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے ’یہ اندوہناک دہشت گردی کے واقعات کسی کسی مقصد یا محرومی کی توجیح نہیں بن سکتے۔ ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے حکومتِ پاکستان اور عوام کو یقین دلایا کہ عالمی تنظیم ان کے ساتھ ہے اور ’اداروں اور آزادی کو دہشت گردی کے نرغے سے بچانے کی تمام کاوشوں کی حمایت کرتی ہے‘۔

واضح رہے کہ جمعرات کو پشاور کے نزدیک ماشو خیل میں ایک چیک پوائنٹ سے اغوا کیے جانے والے اکیس نیم فوجی اہلکاروں کو شدت پسندوں نے اتوار کے روز گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

پاکستانی حکام کے مطابق پشاور سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور جنوب کی جانب نیم قبائلی علاقے حسن خیل سے اکیس لیویز اہلکاروں کی لاشیں ملی تھیں۔

تحریک طالبان پاکستان درہ آدم خیل کے ترجمان محمد نےایک نامعلوم مقام سے فون کر کے ان اہلکاروں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی اور بتایا کہ یہ مولانا گل نصیب، عبدالحمید، فیصل اور پیر صاحب کی مبینہ طور پر زیر حراست ہلاکت کا بدلہ تھا۔

اتوار ہی کے روز صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں شیعہ زائرین کی بسوں پر کار بم حملے کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوگئے تھے۔

صوبہ بلوچستان میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔