کوہستان: ویڈیو کے دعویدار کے تین بھائی قتل

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 4 جنوری 2013 ,‭ 12:13 GMT 17:13 PST

لڑکوں کے ڈانس کی یہ ویڈیو گذشتہ برس جون میں منظر عام پر آئی تھی

پاکستان کے علاقے کوہستان میں ایک ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد اُس میں موجود لڑکیوں کے قتل کا دعویٰ کرنے والے شخص محمد افضل خان کے تین بھائیوں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا اور حملہ آوروں کا تعلق مذکورہ خواتین کے علاقے سے تھا۔

تھانہ پالس کے ایک اہلکار نے جمعہ کو بی بی سی اردو کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں شاہ فیصل، رفیع الدین اور شیر ولی شامل ہیں جو یہ ویڈیو بنانے والے افضل کے بھائی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں وہ دونوں لڑکے شامل نہیں جو ویڈیو میں رقص کر رہے تھے جبکہ ان کے پاس ویڈیو میں نظر آنے والی لڑکیوں کے بارے میں بھی تازہ معلومات نہیں ہیں۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ سات مبینہ حملہ آوروں نے جمعرات کی شب افضل کے گھر پر حملہ کیا اور فائرنگ سے اس کے تین بھائی ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

اہلکار کے مطابق ہلاک شدگان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک نجی تقریب میں ڈانس کی یہ ویڈیو گذشتہ برس جون میں منظر عام پر آئی تھی جس میں دو لڑکوں کو رقص کرتے ہوئے جبکہ پانچ لڑکیوں کو اس پر تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ اطلاعات ملی تھیں کہ لڑکوں کے رقص پر تالیاں بجانے کی پاداش میں مقامی جرگے نے مبینہ طور پر ان لڑکیوں کو موت کی سزا سُنائی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ نے اس معاملے میں خواتین کے قتل کی اطلاعات کا ازخود نوٹس لیا تھا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک وفد متعلقہ علاقے میں بھیجا گیا تھا۔

وفد نے واپسی پر عدالت کو بتایا تھا کہ انہوں نے چار میں سے دو لڑکیوں سے ملاقات کی ہے اور وہ بخیریت ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔