شمالی وزیرستان: میر علی میں ڈرون حملہ، دو غیر ملکی ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 10 جنوری 2013 ,‭ 05:41 GMT 10:41 PST

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں امریکی ڈرون نے ایک موٹر سائیکل پر میزائل داغے جس میں دو شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان کی انتظامیہ نے ہمارے نامہ نگار کو بتایا کہ امریکی ڈرون طیارے نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے گاؤں خوشحالی میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا۔

موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔ انتظامیہ کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد غیر ملکی شدت پسند تھے۔

انتظامیہ کے مطابق یہ دو غیر ملکی شدت پسند خوشحالی کے علاقے ناتسی میں موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جب ان کو نشانہ بنایا گیا۔

خیال رہے کہ نئے سال کے آغاز سے ہی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور سال کے پہلے ہی ہفتے میں تازہ حملوں کو ملا کر کُل چھ ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔

تین جنوری کو امریکی ڈرون طیاروں نے جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا تھا جس میں طالبان کمانڈر ملا نذیر سمیت نو شدت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔

اس کے بعد چھ جنوری کو جنوبی وزیرستان میں بوبڑ خیل کے پہاڑی علاقے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے حکیم اللہ محسود گروپ کے ایک تربیتی مرکز پر دو میزائل داغے گئے تھے جس میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس کے بعد آٹھ جنوری کو شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے دو دیہات عیسو خیل اور حیدرخیل میں ایک گھنٹے کے وقفے سے دو حملے کیے گئے۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے بھی پاکستان نے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کیا ہے اور ماضی میں بھی وہ کئی بار باضابطہ طور پر امریکہ سے احتجاج کر چکا ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ ڈرون حملے ملکی خودمختاری کے خلاف ہیں جبکہ امریکہ کہتا ہے کہ حملے شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں ایک موثر ہتھیار ثابت ہو رہے ہیں اور ان کا قانونی اور اخلاقی جواز موجود ہے۔

اسی بارے میں

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔