نااہلی کے خلاف سابق وزیراعظم گیلانی کی درخواست

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 2 فروری 2013 ,‭ 06:51 GMT 11:51 PST

خط نہ لکھنے کا فیصلہ جماعت کا متفقہ فیصلہ تھا: گیلانی

پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنی نااہلی کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرِ ثانی کی درخواست دائر کر دی ہے۔

سپریم کورٹ نے یوسف رضا گیلانی کو گزشتہ برس انیس جون کو این آر او کیس میں سوئس حکام کو خط نہ لکھنے پر توہین عدالت کے مقدمے میں پانچ سال کے لیے انتخابات میں شرکت اور کوئی عوامی عہدہ سنبھالنے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔

سنیچر کو درخواست دائر کرنے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خط نہ لکھنے کا فیصلہ انہوں نے بطور وزیراعظم کیا تھا جبکہ انہیں سزا انفرادی حیثیت میں دی گئی اور اب وہ انفرادی حیثیت میں ہی نظرِ ثانی کی درخواست لائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کا فیصلہ ان کی جماعت کا متفقہ فیصلہ تھا اور انہوں نے اپنی جماعت کے چیئرمین اور شریک چیئرمین کو اعتماد میں لے کر ہی یہ درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر کے استثنیٰ کے بارے میں وہ اپنے پرانے موقف پر قائم ہیں کہ ملک کے سربراہ کو صدر کے عہدے پر فائز رہنے کے دوران ملک میں یا ملک سے باہر عدالت میں فوجداری کارروائی سے استثنیٰ ہے۔

یاد رہے کہ سال دو ہزار آٹھ کے عام انتخابات میں یوسف رضا گیلانی قومی اسمبلی کے حلقے ایک سو اکیاون ملتان چار سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور انہیں پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت کا وزیراعظم بنایا گیا تھا۔

سپریم کورٹ سے سزا کے بعد انہیں پاکستان کی وزارتِ عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا تھا اور راجہ پرویز اشرف ملک کے نئے وزیراعظم بنے تھے اور انہیں بھی سپریم کورٹ نے ابتدائی طور پر توہینِ عدالت کے مقدمے میں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔

تاہم حکومت اور عدلیہ کے طویل قانونی تنازع کے بعد سوئٹزرلینڈ کے حکام کو صدر آصف علی زرداری کے خلاف مبینہ بدعنوانی کے مقدمات دوبارہ کھولنے کے لیے خط بھیجے جانے پر نومبر دو ہزار بارہ میں یہ نوٹس خارج کر دیا گیا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ اب جبکہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے اس لیے ان کی نااہلی ختم کی جائے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔