’ نامزد امیدواروں کی فہرست جمع کرائیں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 14 مارچ 2013 ,‭ 22:03 GMT 03:03 PST

خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے ساٹھ جبکہ اقلیتوں کے لیےدس نشستیں ہیں

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے ملک کی سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے والے نامزد امیدواروں کی فہرست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نمائندگی کے ایکٹ 1976 کی سیکشن 47 کے تحت انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی جماعتوں کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے اپنے نامزد امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرانا ضروری ہے۔

الیکشن کمیش کے مطابق ایک سیاسی جماعت اس فہرست میں جتنا موزوں سمجھے اپنے اضافی امیدواروں کے نام ڈال سکتی ہے تاکہ کسی بھی امیدوار کی جانچ پڑتال کے دوران ناہلی یا سیٹ خالی ہونے کی وجہ سے اس کے پاس قومی یا صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے متبادل امیدوار ہوں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور غیر مسلموں کے لیے مخصوص نشستوں کے انتخابات میں حصہ لینے والے اپنے امیدواروں کی فہرست بھی جمع کرائیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے نامزد امیدواروں کے ناموں کی فہرست جمع کرنے کی آخری تاریخ چوبیس مارچ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے 60 جبکہ اقلیتوں کے لیے 10 نشستیں مخصوص ہیں۔

پاکستان کی صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 128 اور اقلیتوں کے لیے مخصوص نشستوں کی تعداد 23 ہے۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں خواتین کی 11 جبکہ اقلیتوں کی 3 نشستیں، خیبر پختون خوا میں 22 جبکہ اقلیتوں کی 3 ، پنجاب میں خواتین کی 66 جبکہ اقلیتوں کی 8 جبکہ سندھ میں خواتین کی 29 جبکہ اقلیتوں کی 9 نشستیں مخصوص ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔