’حکومت اور فوج مذاکرات کیلیے سنجیدہ نہیں‘

آخری وقت اشاعت:  پير 18 مارچ 2013 ,‭ 16:11 GMT 21:11 PST
احسان اللہ احسان (فائل فوٹو)

عوام انتخابی عمل سے دور رہیں: احسان اللہ احسان

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں سرگرم کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے مذاکرات کی پیشکش مؤخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تنظیم کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں اس التوا کی وجہ حکومت اور فوج کا غیرسنجیدہ رویہ بتائی گئی ہے۔

تحریکِ طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور فوج امن مذاکرات کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جرنیل اور سیاستدان ملک کو اپنے اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔

بیان میں ایک مرتبہ پھر عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ انتخابی عمل سے دور رہیں اور پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے جلسوں اور جلوسوں میں شرکت نہ کریں۔

یاد رہے کہ تین فروری کو کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حکومت کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن، منور حسن اور نوازشریف پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ تینوں فوج کے لیے ضمانت دیں تو مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے اس پیشکش کا کوئی باقاعدہ جواب نہیں دیا گیا تھا

بعدازاں اس معاملے پر جمعیت علمائے اسلام کے تحت کُل جماعتی کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس کے اعلامیے میں کہا گیا تھا تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کی رہنمائی میں گرینڈ جرگہ فریقین کے ساتھ مذاکرات شروع کرے۔

طالبان نے اس اعلان کا تو خیرمقدم کیا تھا لیکن ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی قیادت مذاکرات میں دلچسپی لیتی ہے اور پاکستانی فوج نہیں لیتی تو یہ مذاکرات ’پائیدار نہیں ہوں گے کیونکہ فوج ہی اس ملک میں طاقت کا محور ہے‘۔

تاہم پاکستانی فوج نے مذاکرات کی اس پیشکش اور اس کے جواب میں سیاسی قیادت کے ردعمل سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی حکومت اور فوج کی جانب سے اس معاملے پر واضح موقف اختیار نہ کیے جانے کے بعد اب طالبان کی جانب سے اس پیشکش کے التوا کا اعلان سامنے آیا ہے۔

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان اور قبائلی علاقوں میں عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث ہے اور اب تک ایسے حملوں میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔