بلوچستان: مولانا عبدالواسع کی تقرری منسوخ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 20 مارچ 2013 ,‭ 01:45 GMT 06:45 PST

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وہ طارق مگسی کو بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کی حیثیت سے بحال کرتی ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کی ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام کے مولانا عبدالواسع کی بطور قائدِ حزبِ اختلاف تقرری کو غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل بنچ نے منگل کو ایک درخواست پر سماعت کے بعد یہ حکم سنایا ہے۔

انھوں نے منگل کی رات اپنے فیصلے میں کہا کہ سپیکر بلوچستان اسمبلی سید مطیع اللہ آغا کی طرف سے مولانا عبدالواسع کی بحیثیت قائدِ حزبِ اختلاف تقرری غیر آئینی ہے۔

عدالت نے یہ فیصلہ بلوچستان میں حزبِ اختلاف کے رہنما میر طارق مگسی کی طرف سے دائر پیٹیشن کی سماعت کرتے ہوئے سنایا۔

خبررساں ادارے اے پی پی کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ہم مولانا واسع کی بحیثیت قائدِ حزبِ اختلاف تقرری کو منسوخ کرتے ہیں کیوں کہ انھوں نے حال ہی میں بلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں سینیئر وزیر کا عہدہ خالی کیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ وہ طارق مگسی کو بلوچستان اسمبلی میں بطور قائدِ حزبِ اختلاف بحال کرتی ہے۔

خیال رہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی رہنما مولانا عبدالواسع کی بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کے طور پر تقرری کا نوٹیفیکیشن اتوار کو رات گئے جاری کیا گیا تھا۔

مولانا واسع اس سے قبل نواب اسلم رئیسانی کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت میں سینیئر صوبائی وزیر تھے۔

اس نوٹیفیکیشن سے پہلے قبل گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار مگسی کے چھوٹے بھائی نوابزادہ طارق مگسی بلوچستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف تھے۔

پیپلز پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی رہنما میر صادق عمرانی نے قائدِ حزبِ اختلاف کی حیثیت سے تقرری کو سپیکر کی بد دیانتی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ سپیکر کا یہ اقدام بلوچستان ہائیکورٹ کے اس حکم کے بھی خلاف ہے جو طارق مگسی کے حق میں چند روز بیشتر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کے سپیکر سید مطیع اللہ آغا کا تعلق بھی جے یوآئی (ف) سے ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔