پنجاب اسمبلی بھی تحلیل کر دی گئی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 20 مارچ 2013 ,‭ 16:22 GMT 21:22 PST

اسمبلی کی تحلیل کے باوجود پنجاب میں تاحال نگراں سیٹ اپ پر اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا

پاکستان کے صوبہ پنجاب کےگورنر مخدوم احمد محمود نے وزیراعلیٰ کے مشورے پر صوبائی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حکمران مسلم لیگ نواز کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے بدھ کی شام گورنر کو اسمبلی کی تحلیل کی سمری بھیجی گئی تھی جس پر انہوں نے رات نو بجے دستخط کر دیے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی آئینی مدت نو اپریل کو ختم ہونا تھی اور یہ تحلیل کی جانے والی آخری صوبائی اسمبلی ہے۔

اس سے قبل 18 مارچ کو بلوچستان اور 19 مارچ کو سندھ اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی تھیں۔

گزشتہ سنیچر کو اسلام آباد میں وزیراعظم اور چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کے اجلاس کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ چاروں صوبائی اسمبلیاں انیس مارچ کو تحلیل کرنے پر اتفاق بھی ہوا ہے۔

تاہم بعدازاں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایسا کچھ نہیں ہوا اور پنجاب اسمبلی کی مدت نو اپریل کو مکمل ہوگی تاہم اب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے انعقاد کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے۔

صدرِ پاکستان نےگیارہ مئی کو ملک میں قومی اسمبلی کے انتخابات کروانے کا اعلان کیا ہے۔

اسمبلی کی تحلیل کے باوجود پنجاب میں تاحال نگراں سیٹ اپ پر اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے تاحال کوئی نام بھی نہیں دیا گیا ہے۔

صوبے میں حزبِ اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی نے عاصمہ جہانگیر، میاں عامر محمود اور حفیظ اختر رندھاوا کے نام تجویز کیے تھے، تاہم میاں عامر اور عاصمہ جہانگیر کی جانب سے عہدہ سنبھالنے سے معذرت کے بعد ان کے نام واپس لے لیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔