جلوزئی کیمپ میں کار بم دھماکہ، پندرہ افراد ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 21 مارچ 2013 ,‭ 11:22 GMT 16:22 PST

ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر نوشہرہ میں مہاجرین کے جلوزئی کیمپ میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور تیس زخمی ہو گئے ہیں۔

جلوزئی کمیپ میں موجود ایک پولیس افسر شکیل احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعرات کو پشاور سے کوئی تیس کلومیٹر دور ضلع نوشہرہ کے علاقے جلوزئی میں خیبر ایجنسی کے متاثرین کیمپ میں اس وقت ایک کار بم دھماکہ ہوا جب وہاں ایک غیر سرکاری تنظیم متاثرین میں راشن تقسیم کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ایک سوزوکی آلٹو کار کو استعمال کیاگیا ہے جو نامعلوم افراد نے پہلے سے راشن کیمپ میں انتظامی بلاک کے قریب کھڑی کی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں تیس سے پینتیس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین شامل ہیں جو ایک غیر سرکاری تنظیم کے اہلکار بتائی جاتی ہیں۔

زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سے بتایا جاتا ہے جن میں بزرگ اور جوان شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے البتہ ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

دریں اثناء تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تنظیم اس دھماکے میں ملوث نہیں ہے۔

یادرہے کہ خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں گزشتہ تین سالوں سے غیر اعلانیہ فوجی کارروائی جاری ہیں اور اس وجہ سے سینکڑوں افراد وہاں سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ باڑہ میں لشکر اسلام، انصاراللہ اسلام اور تحریک طالبان کے درمیان مختلف محاذوں پر لڑائیاں جاری ہیں۔

جلوزئی کیمپ افغان مہاجرین کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن اب یہاں پاکستان کے قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ افراد مقیم ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔