نگراں وزیر اعظم پر پارلیمانی کمیٹی کا آخری اجلاس ختم

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 22 مارچ 2013 ,‭ 12:41 GMT 17:41 PST

پارلیمانی کمیٹی کے چھ ممبران کی رائے یا دو تہائی اکثریت سے ملک کے لیے نگراں وزیرِاعظم چنا جائے گا

پاکستان کے نگراں وزیر اعظم کے چناؤ کے لیے تشکیل دی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کے تیسرے اور آخری دن کا آخری سیشن ختم ہو گیا ہے۔

اس سے قبل دوپہر کو ہوئے اجلاس کے وقفے کے دوران سید خورشید شاہ نے کہا تھا کہ کوشش ہے کہ ملک کے لیے نگراں وزیراعظم کا چناؤ پارلیمانی کمیٹی کرے۔

انہوں نے کہا کہ کہ کسی پی سی او جج کو نگراں وزیراعظم مقرر نہیں کیاجائے گا۔

نگراں وزیراعظم کا فیصلہ کرنے کے لیے کمیٹی کے پاس جمعہ کی شب تک کی مہلت ہے اور اگر تعطل جاری رہا تو یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جائے گا اور الیکشن کمیشن دو دن میں نگراں وزیراعظم کے نام کا فیصلہ کرے گا۔

نگراں وزیراعظم نے نام پر اتفاق رائے پر پہنچنے کی ایک اور کوشش کے لیے نماز جمعہ کے بعد ساڑھے تین بجے کمیٹی کا پھر اجلاس ہوا۔

اسلام آباد میں جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں وقفے کے دوران پارلیمانی کمیٹی کے ممبر سید خورشید نے نگراں وزیرِ اعظم کی نامزدگی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا موقف ہے کہ پارلیمان کی بالا دستی قائم رہے اور آٹھوں ممبران پراعظم ہیں کہ پارلیمان نے جو کمیٹی بنائی ہے وہ یہ فیصلہ کرے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ’ انشااللہ ہم پوری کوشش کریں گے کہ پارلیمانی کمیٹی اس کام میں کامیاب ہوجائے۔‘

پاکستان مسلم نون سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے سابق رہنما چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا گار پارلیمانی کمیٹی میں نگراں وزیر اعظم کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا تو یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کر لے گا اس میں کوئی پریشانی کی بات نہیں۔

اگر آج جمعہ کو پارلیمانی کمیٹی میں نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا تو پھر الیکشن کمیشن وزیراعظم اور حزبِ اختلاف کے رہنما کی طرف سے بھیجے گئے ناموں میں کسی ایک کو ملک کے نگراں وزیراعظم کے طور پر چنے گا۔

خیال رہے کہ بدھ اور جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی کے ہونے والے اجلاسوں میں لمبی بحث کے باوجود نگراں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے کسی شخصیت کا نام سامنے نہیں آیا تھا۔تاہم کمیٹی کے رکن خورشید شاہ نے جمعرات کو اجلاس کے بعد امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کو کمیٹی میں ہی نمٹائیں گے۔

پارلیمانی کمیٹی میں مسلم لیگ نواز کی جانب سے سینیٹر پرویز رشید، خواجہ سعد رفیق، سردار مہتاب عباسی اور سردار یعقوب ناصر اور حکومت کی جانب سے پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ اور فاروق ایچ نائیک کے علاوہ اے این پی کے غلام احمد بلور اور مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت حسین شامل ہیں۔

یہ کمیٹی جن چار ناموں پر غور کر رہی ہے ان میں جسٹس (ر) ناصر اسلم زاہد، رسول بخش پلیجو، جسٹس (ر) میر ہزار خان کھوسو اور ڈاکٹر عشرت حسین شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔