بلوچستان: ’تمام سیاسی جماعتیں انتخابات لڑیں‘

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں حصہ لیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جنرل کیانی نے یہ بات کوئٹہ میں اپنے دورے کے دوران کہی۔ انہوں نے اپنے دورے میں صوبائی لیڈرشپ سے ملاقات کی بلکہ ۔

بیان کے مطابق جنرل کیانی نے بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار علی مگسی اور نگراں وزیرِ اعلیٰ نواب غوث بخش بروزئی سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے انہیں یقین دلایا کہ پاک فوج مئی میں ہونے والے انتخابات میں ’تمام جماعتوں‘ کی شمولیت کو پورے دل سے خوش آمدید کہے گی۔

ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور اگلے عام انتخابات کے پُر امن انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل سدرن کمانڈ کے کمانڈر، لیفٹننٹ جنرل محمد اسلم خٹک نے جنرل کیانی کو بلوچستان میں امن و امان اور سکیورٹی کے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کےجنرل ہیڈ کوارٹرکے دورے میں پاکستانی فوج نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تھا۔

اسی بارے میں