بنوں: پولیس کوارٹروں پر خودکش حملہ، 3 ہلاک

Image caption ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار، ایک خاتون اور ایک شہری شامل ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں پولیس تھانہ ڈومیل کے قریب پولیس کے رہائشی مکانات پر ایک کر خودکش دھماکے میں تین افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس افسر نبی شاہ نے ہمارے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ صبح فجر کی نماز کے تھوڑی دیر بعد خودکش حملہ آور نے بارود سے لدی پک اپ پولیس کوارٹروں سے ٹکرا دی۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار، ایک خاتون اور ایک شہری شامل ہے۔

زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں ایک سویلین رہائشی ڈاکٹر گل کا مکان مکمل طور پر گر گیا اور ان کے بچے اور خواتین ملبے تلے دب گئے۔

پولیس افسر نے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں