انتخابات عوام کی فتح ہے : نگراں وزیرِاعظم

Image caption نگراں وزیرِاعظم نے ملک میں عام اتخابات کو تاریخی موقعہ قرار دیا

پاکستان کے نگراں وزیرِاعظم میر ہزار خان کھوسو نے ملک میں گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات کو عوام اور جمہوری نظام کی فتح قرار دیا ہے۔

وزیرِاعظم ہاؤس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق میر ہزار خان کھوسو نے جمعرات کو اسلام آباد میں نگراں کابینہ کے اجلاس میں کہا’وقت پر انتخابات کا انعقاد عوام اور جمہوریت کی فتح ہے۔ میں اپنی کابینہ کی طرف سے اس پر اللہ کا شکر گزار ہوں۔ہم ان تمام ادارے کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے دن رات ایک کر کے اس اہم فریضے کو سرانجام دیا۔‘

نگراں وزیرِاعظم نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں بے خوف شرکت سے ثابت کیا کہ وہ اجتماعی بہتری کے جذبے سے ملک میں عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کو شکست دے سکتے ہیں۔

انہوں نے عام انتخابات کو ایک اہم موقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ ایک جمہوری طریقے سے اقتدار منتقل ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گیارہ مئی کو ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمیشن کے مطابق میاں نواز شریف کی مسلم لیگ قومی اور پنجاب کی سطح پر سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور عمران خان کی تحریک انصاف نے خیبر پختون خوا میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابات میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ن اکثریتی جماعتوں کے طور اُبھری ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کا عزم تھا کہ ہر حال میں ملک کی ترقی اورجمہوریت کی مضبوطی کے لیے انتخابات وقت پر کروائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد اب جمہوری عمل کا دوسرا دور آئین اور عوامی خواہشات کے مطابق نئی منتخب حکومت کو انتقالِ اقتدار ہے جو جلد مکمل کیا جائے گا۔

جاری کیے گئے بیان کے مطابق نگراں وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن، قانون نافذ کرنے والے اداروں، میڈیا اور سول سوسائٹی کے اداروں کا انتخابات کے انعقاد میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ مختلف سیاسی جماعتیں ملک میں گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات لگا رہے ہیں لیکن اس سے متعلق وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کیے جانے والے بیان میں کچھ ذکر نہیں کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں