قومی اسمبلی: سپیکر کیلیے 4 اُمیدوارں میں مقابلہ

Image caption سوموار کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے خفیہ رائے شماری ہو گی

پاکستان کی چودہویں قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے عہدوں کے لیے چار جماعتوں کے امیدوار پیر کو مدِمقابل ہوں گے۔

ایوان میں اکثریت حاصل کرنے والے جماعت مسلم لیگ نواز کے علاوہ پیپلز پارٹی، پاکستان تحریکِ انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ نے بھی اس انتخاب میں اپنے اُمیدوار کھڑے کیے ہیں۔

اتوار کو قومی اسمبلی کے سیکرٹری کے پاس سپیکر اور ڈپٹی سپیکرکے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن کی جانچ پڑتال کا عمل بھی اتوار کو ہی مکمل ہوگیا۔

نواز لیگ کی جانب سے سپیکر کے عہدے کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 122 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اورڈپٹی سپیکرکے لیے ایبٹ آباد سے منتخب ہونے والے مرتضی جاوید عباسی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی نے سپیکرکے عہدے کے لیے عمرکوٹ سندھ سے منتخب نواب محمد یوسف تالپور اور ڈپٹی سپیکر کے لیے پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے منتخب غلام رسول کوریجہ کو نامزد کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے سپیکرکے عہدے کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ سے منتخب شہریار آفریدی اور ڈپٹی سپیکر کے لیے جماعت کے خواتین ونگ کی صدر منزہ فاطمہ کو میدان میں اُتارا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے سپیکر کے عہدے کے لیے کراچی سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی ایس اقبال قادری اور ڈپٹی سپیکر کے لیے پارٹی کے خواتین ونگ کی سربراہ کشور زہرہ کونامزد کیا ہے۔

سوموار کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہو گا۔

رائے شماری میں اکثریت حاصل کرنے والا اُمیدوار سپیکر اور ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گا اور منتخب ہونے والے سپیکر سے سبکدوش ہونے والی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا حلف لیں گی۔

Image caption سپیکر کے لیے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سردار ایاز صادق نے الیکشن میں عمران خان کو شکست دی تھی

ایوان زیریں میں قائدِ ایوان کا انتخاب نئے سپیکر کی صدارت میں ہو گا اور مسلم لیگ نواز نے میاں نواز شریف کو متفقہ طور پر وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار بھی نامزد کیا ہے۔

پنجاب

دوسری جانب مسلم لیگ نواز نے پنجاب اسمبلی میں سپیکر کے لیے رانا محمد اقبال اور ڈپٹی سپیکر کے لیے شیر محمد گورچانی کو نامزد کیا ہے۔رانا محمد اقبال نے سابق اسمبلی میں بھی سپیکر کا عہدے سنھبالا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر کے عہدے کے لیے راجہ راشد حفیظ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ڈپٹی سپیکر کے لیے تحریک انصاف کی جگہ مسلم لیگ قاف نے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے ۔

مسلم لیگ قاف نے اس عہدے کے لیے سردار وقاص موکل کو نامزد کیا ہے جو پنجاب کے علاقے قصور سے پہلی بار رکنِ صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب سوموار تین جون کو ہوگا اور اس کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔

پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی پانچ جون کو جمع کرائے جاسکیں جبکہ نئے وزیر اعلیْٰ کا انتخاب چھ جون کو ہوگا۔

اسی بارے میں